بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم کا مدینہ منورہ پہنچنے پرپرتپاک استقبال، روضہ رسول پر حاضری ،ملکی سلامتی وترقی کےلئے دعاکی

جدہ ( امیر محمد خان سے )وزیراعظم شہبازشریف اور ان کے اعلیٗ سطحی وفد کا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر جمعرات کو تین روزہ اعلیٰ سطحی سرکاری دورے پر مدینہ منورہ پہنچنے پر گورنر مدینہ فیصل بن سلمان آل سعودسمیت اعلیٰ سعودی حکام انتہائی پرتپاک استقبال کیا۔وفاقی وزراءبلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسماعیل، نوبزادہ شاہزین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ محمدآصف، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شہبازشریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ دورے کے دوران وزیراعظم ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں اقتصادی و تجارتی روابط کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے علاوہ سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔ وزیر اعظم اور ان کے وفد کے ارکان نے جمعرات کی رات روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دی ،وزیراعظم اور ان کے وفد نے روض رسول پر نوافل بھی ادا کئے ۔اس موقع پر انہوں نے اللہ تعالیٰ کے حضورگڑگڑا کر ملکی ترقی،سلامتی اور استحکام کے لئے دعائیں کیں۔روضہ رسول پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ وزیراعظم اور وفد کے ارکان (آج ) جمعتہ الوداع حرم شریف میں ادا کریں گے،وزیراعظم اور وفد کے ارکان ملکی ترقی ،سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کریں گے،وہ عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔دورے کے دوران وزیراعظم سعودی قیادت سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور خاص طور پر متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔پاکستان اور سعودی عرب برادرانہ تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں جو باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم، قریبی تعاون اور ایک دوسرے کی حمایت کی لازوال روایت پر مبنی ہیں۔