اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے 27رمضان کی شب دعاکا اہتمام کیا گیا۔اس حوالے سے مرکزی تقریب بنی گالہ میں منعقد کی گئی۔سابق وزیراعظم عمران خان ،شاہ محمود قریشی ، اعجاز چودھری، فیصل جاوید،بابراعوان،نورالحق قادری ودیگر نے شرکت کی۔معروف سکالر اور مبلغ مولانا طارق جمیل نے ملکی سلامتی،ترقی ،خوشحالی اور استحکام کے لئے خصوصی دعا کرائی، مختلف شہروں میں دعابراہ راست دکھانے کے لئے بڑی سکرینیں نصب کی گئیں ۔دعا سے قبل مولانا طارق جمیل نے کہاکہ عمران خان نے مجھے کسی سیاسی مقصد کے لئے نہیں بلایا، ملک کسمپرسی کا شکار ہے ،کشتی ڈانواڈول ہے ،عمران خان نے کہا آپ ملک کے خصوصی دعاکریں ۔ تقریب سے خطاب میںسابق وزیراعظم عمران خا ن نے تقریب میں آمد پر معروف سکالر مولانا طارق جمیل کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہاکہ پارٹی اور عوام کا مطالبہ تھا کہ 27شب کو طارق جمیل آئیں اور خصوصی دعائیں کرائیں۔انہوں نے کہاکہ رمضان کی 27شب کو ہی پاکستان معرض وجود میں آیا تھا،پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا خواب دیکھا گیا تھا اور ایک نظریے کے تحت یہ ملک بنایا گیا تھا،پاکستان کو مدینہ کی طرز کی ریاست بنانے کا خواب دیکھا گیاتھا۔انہوں نے کہاکہ ذہنی غلامی والا انسان بڑا انسان نہیں بن سکتا، نبیؐ کی ریاست میں انسانوں کی غلامی کی زنجیریں تو ڑ دی گئیں،اللہ تعالیٰ نے عزت اور ذلت اپنے ہاتھ میں رکھی ہوئی ہے،اللہ نے رزق بھی اپنے ہاتھ میں رکھا ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا مطلب کیا،لاالہ الاللہ کے نعرے کے ساتھ یہ ملک بنا ، لاالہ الاللہ خوف کی زنجیریں توڑ دیتاہے ،اللہ کے سواکسی اور کے سامنے جھکنے کا خوف ختم ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ کہناکہ ہم بھکاری ہیں،وینٹی لیٹر پر ہیں اور اپنی مرضی نہیںچلا سکتے، یہ ساری باتیں وہ ہیںجو قوم کو اونچی پرواز سے روکتی ہیں، ہماری پرواز کے راستے میں باہر سے سازش کر کے پتلے بٹھائے گئے۔
پی ٹی آئی کی طرف سے شب دعاکا اہتمام،مولانا طارق جمیل نے ملکی سلامتی وترقی کیلئے دعاکرائی








