اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ نے اکبرنامی شہری کے قتل کیس میں ناقص تفتیش پر آر پی او اور ڈی پی او شیخوپورہ کی سرزنش کردی اورملزم کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق سپریم کورٹ میں شیخوپورہ میں اکبر نامی شہری کے قتل کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس مظاہر علی نقوی اورجسٹس جمال مندوخیل پر مشتمل بنچ نے سماعت کی،جسٹس مظاہر علی نقوی نے ناقص تفتیش پر آر پی او اور ڈی پی او شیخوپورہ کی سرزنش کردی ۔
جسٹس مظاہر علی نقوی نے کہاکہ پولیس ناقص تفتیش سے لوگوں کیلئے مسائل پیدا کررہی ہے،پولیس اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی،پولیس نے مرضی سے نہیں قانون کے مطابق تفتیش کرنی ہوتی ہے،قتل کا مقدمہ ہے کسی کی جان لی گئی ہے،آر پی او بابرسرفراز نے کہاکہ ناقص تفتیش پر تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس، وضاحت مانگی ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ تفتیشی نے ملزم کے بیان پر اس کو کیسے بے گناہ کردیا۔
جسٹس نقوی نے آئی او عارف سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ ملزم کو بے گناہ کس کے کہنے پر کیا،تفتیشی افسر نے کہاکہ ڈی ایس پی فیروز والا میاں شفقت کے کہنے پر رپورٹ لکھی،عدالت نے ملزم سانول یوسف کی ضمانت درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔









