برسلز(ممتاز نیوز) بیلجیئم میں منعقد ہونے والے سالانہ ’یوم ورثہ 2023میں پاکستان کا شاندار ثقافتی ورثہ اور اس کے اسٹریٹ فوڈ آئٹمز لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے سفارتخانے میں دن بھر کی سرگرمیوں کا افتتاح کیا۔اس حوالے سے سیکڑوں مقامی لوگوں نے دن بھر سفارت خانہ پاکستان میں اس ثقافت کی عکاسی کرنے والی اشیاء کو ملاحظہ کیا جنہیں مختلف اسٹالز پر خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ان اشیاء میں فن پارے، تصاویر، زیورات، دستکاری، پاکستان کی مختلف برآمدی مصنوعات اور اس کے روایتی ملبوسات شامل تھے جو پاکستان کے قدیم ورثے، ثقافتی تنوع، سیاحت اور برآمدی صلاحیت کی نمائندگی کررہے تھے۔اس نمائش کے موقع پر سفارت خانے کی جانب سے آنے والے تمام مہمانوں کی پاکستانی اور کشمیری کھانوں سے تواضع کی گئی۔مہمانوں کی جانب سے سفارت خانے کے حکام کی گرم جوشی اور مہمان نوازی کو خوب سراہا بھی گیا۔
بیلجیئم میں پاکستان کا ثقافتی ورثہ لوگوں کی توجہ کا مرکز








