نئی دہلی: انڈین ہیکرز کے گروپ نے ایک تنبیہہ کے بعد کینیڈین افواج کی ویب سائٹ کو ہیک کرلیا اور سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل پر کینیڈا کی حکومت کے الزامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
برطانوی روزنامہ ’دا ٹیلی گراف‘ کے مطابق ’انڈین‘ ہیکرز کے گروپ کی جانب سے کینیڈین مسلح افواج کی سرکاری ویب سائٹ عارضی طور پر غیرفعال کی گئی ہے۔
سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل سے کینیڈا اور انڈیا کے درمیان پیدا ہونے والا تنازع اس ویب سائٹ کے ہیک ہونے کے بعد ایک نیا رُخ اختیار کر گیا ہے۔
کینیڈین مسلح افواج کی سرکاری ویب سائٹ مبینہ طور پر ‘انڈین سائبر فورس‘ کی جانب سے ہیک کی گئی تھی جس نے بعد میں اس کا سکرین شاٹ ’ایکس‘ (سابق ٹوئٹر) پر شیئر بھی کیا۔
ہیکرز کے اس گروپ نے 21 ستمبر کو اس تنبیہہ کہ ’طاقت کا مزہ چکھنے کے لیے تیار ہو جاؤ‘، کے ذریعے کینیڈین سائبر سپیس پر حملے کی دھمکی دی تھی۔
اس سے اگلے روز ہیکرز نے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے الزامات اور ان کی انڈیا مخالف سیاست پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔
کینیڈین اخبار ’دا گلوب اینڈ میل‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیپارٹمنٹ آف نیشنل ڈیفنس میں میڈیا ریلیشنز کے سربراہ ڈینیئل لی بوتھیلیئر کا کہنا تھا کہ ’دوپہر کے وقت ویب سائٹ میں خلل پیدا ہوا تاہم بعد میں اسے ٹھیک کردیا گیا۔
ایک اعلٰی عہدیدار نے بتایا کہ ’چند ڈیسک ٹاپ صارفین کے علاوہ ویب سائٹ تک زیادہ تر موبائل ڈیوائسز کے ذریعے رسائی ممکن نہیں تھی۔ ان کے مطابق ’سسٹم پر اِس مختصر ہیکنگ کا کوئی زیادہ اثر نہیں پڑا۔
ہیک کی گئی ویب سائٹ کینیڈا کی حکومت اور اس کے محکمہ قومی دفاع کی پبلک سائٹس اور اندرونی نیٹ ورکس سے الگ ہے۔
کینیڈین بحریہ، سپیشل کمانڈ گروپس، فضائی اور خلائی آپریشنز اور کینیڈین افواج اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہیں۔
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ’مصدقہ معلومات‘ موجود ہیں کہ سِکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل میں انڈیا کے ملوث ہے۔








