بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عوام موجودہ حکومتی نظام سے ناخوش ،نیا سماجی معاہدہ چاہتے ہیں،مفتاح اسماعیل

اسلام آباد(ممتاز نیوز)سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہایک قابلِ ذکر بات یہ بھی واضح کروں کے پچھلے سال ری ایمیجننگ پاکستان کے تحت جتنے بھی سیمیناروں میں،شاہد خاقان عباسی ، مصطفی نواز کھوکھر اور میں نے شرکت کی ایک چیز عوام کی جانب سے جو کھل کے سامنے آئی وہ یہ کہ پاکستانی عوام موجودہ حکومتی نظام سے ناخوش ہے اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک نیا سماجی معاہدہ چاہتے ہیں، ایسا سماجی معاہدہ جس میں:
1: مہنگائی کم ہوتاکہ وہ ذمہ دار شخص جس نے سماجی تقاضے پورے کرتے ہوئے اچھی تعلیم حاصل کی ،محنت کی وہ باعزت زندگی با آسانی گزار سکے۔
2: ترقی کے بہترین مواقع صرف ٹاپ1٪ یا ٹاپ10٪ لوگوں کے حصے میں ہی نہ آئیں۔ ہمیں ایک ایسا شفاف معاشرہ ملےجہاں ہر پاکستانی فرد (مردو عورت) چاہے اس کے والدین کی جو بھی آمدنی ، ذات، مذہب یا فرقہ ہو وہ ان تمام پیمانوں سے بالاتر ہوکر صرف اپنی قابلیت اور کوششوں کی بناء پر اپنا مقام بنائیں ۔

3:ہمیں ایک ایسے منصفانہ نظام کی ضرورت ہے جہاں محنت کی قدر ہو۔جہاں ٹیکس کا نظام شفاف ہو، جہاں ایسا نہ ہو کہ ایک سیلز مینیجر ،ٹیچر یا انجینئر کسی پراپرٹی ٹائیکون یا کسی امیر آدمی سے زیادہ ٹیکس کی ادائیگی کر رہے ہوں۔

4:خود مختار ، مالی طور پر مضبوط اور ذمہ دار مقامی حکومتوں کا قیام انتہائی اہم ہے۔تاکہ یہ حکومتیں غریبوں کو تعلیم و صحت کی بہترین سہولیات فراہم کریں اور برابری کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں

5: وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اپنی تعداد اور اخراجات میں کمی کرنے کی ضرورت ہے – وہ ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے جہاں پہ ہماری عوام (مرد و خواتین) نہ صرف پرائیویٹ سیکٹرز میں اچھی اجرت پر نوکریاں کریں بلکہ اپنے ذاتی کاروباروں کو بھی پروان چڑھائیں ۔

6: حکومتوں کو چاہیے کہ وہ اپنے مالی نقصانات (خسارے ، گردشی قرضے ،SOE کے نقصانات وغیرہ) کو کنٹرول میں رکھیں تاکہ یہ مسلسل خسارے اور بارہا دہرائی جانے والی غلطیاں محنت کش پاکستانی طبقے کا جینا محال نہ کریں۔

7: نجکاری کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی ہو اور انرجی کی قلت کے باعث انڈسٹریاں نہ بند ہوں۔

8: ہمیں بنیادی قانونی اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو بروقت انصاف مل سکے ہماری معیشت اسی وقت مضبوط ہو سکتی ہے جب عدالتیں مؤثر طریقے سے اپنے فرائض انجام دیں۔

9: اس بات کی بھی اشد ضرورت ہے کہ ہم نجی کاروباروں کو ترقی کا انجن بننے دیں، اسی طرح برآمدات کو بھی ترقی کا راستہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے

10:آبادی کو کنٹرول کرنا انتہائی نا گزیر ہے۔

11: پاکستان کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے۔ اگر ہم پاکستانی خواتین کو آگے ںڑھنے کا موقع نہیں دیں گے تو کبھی ترقی نہیں کر سکتے۔ انہیں ہر شعبہ میں نمایاں کردار ادا کرنے دینا ہوگا۔

12: اگر پاکستان میں مذہبی اقلیتیں محفوظ نہیں ہوگی، تو پاکستان اسلامی جمہوریہ کہلانے کا حقدار نہیں

13: کوئی بھی اصلاحات اس وقت تک مفید و موثر نہیں جب تک سب سے بنیادی اصلاح نہ کی جائے اور وہ ہے حکومتی اختیارات عوام کو دیئے جائیں جو کہ بذریعہ مقامی حکومتوں کی خودمختاری کے ساتھ ہی ممکن ہے۔تاہم اس کام میں اب تک تمام پارٹیاں ناکام ہیں لیکن یہی وہ اکلوتی اصلاح ہے جس کی ہمیں سب سے زیادہ ضرورت ہے۔