بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دوستی کاسفرجاری رہے گا،مرتضیٰ سولنگی کی چین کے قومی دن کی تقریب میں شرکت،کیک کاٹاگیا

اسلام آباد(ممتازنیوز) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے جمہوریہ چین کے 74 ویں قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی ۔انہوں نے چین کے 74 ویں قومی دن کے موقع پر چین کی حکومت اور عوام کو مبارکباددی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، چین پاکستان کا مخلص دوست ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ چین اپنی آزادی کی 74 بہاریں دیکھ چکا ہے، چین نے اندھیروں سے روشنی کی طرف، پسماندگی سے ترقی کی طرف ایک نیا راستہ کھولا۔انہوںنے کہاکہ 74 سالوں میں چین نے سائنس، ٹیکنالوجی، معیشت، ثقافت، اقتصادی ترقی، سماجی ترقی، استحکام، قومی اتحاد اور سرحدی دفاعی استحکام میں بے پناہ ترقی کی، چین آج اپنی محنت کی بدولت دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ چین نے جس انداز میں دنیا کے سامنے ترقی اور خوشحالی کا منصوبہ متعارف کرایا، اس سے ان کی قدر ومنزلت میں اضافہ ہوا۔انہوںنے کہاکہ چین کے ترقی و خوشحالی کے منصوبے سے یہ ثابت ہوا کہ چین ”مشترکہ خوشحالی“ اور ”مشترکہ ترقی“ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ ترقی کے جس مقام پر چین آج پہنچ چکا ہے، اس سے پاکستان ہی نہیں خطے کے دیگر ممالک بھی مستفید ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چین کے قومی دن کے موقع پر چین کی عوام، حکومت، چینی سفارت خانے کے تمام عملے کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان اور چین کی دوستی کا یہ سفر اسی طرح جاری رہے گا۔تقریب میں چین کے قومی دن کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا، چین کے سفیر جیان ژئی ڈانگ اور معزز مہمانوں نے مل کر کیک کاٹا۔