اسلام آباد(طارق محمود سمیر)سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفرکیس میں ایف آئی اے کی طرف سے
جوچالان تفتیش کے بعد عدالت میں جمع کرایا گیا ہے اس میں تحریک انصاف کے دونوں مرکزی رہنمائوں کو قصور وار قرار دے دیا گیا ہے ، اب باقی معاملہ عدالت میں زیر سماعت آئے گا ، گواہیاں ہوں گی اور اس کے بعد خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین اس کیس کا حتمی فیصلہ کریں گے کہ عمران خان نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے یا نہیں۔سائفر کیس پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم کیس بن گیا ہے جس میں امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر کی طرف سے بھجوائی گئی خفیہ دستاویز کو عمران خان نے جلسے میں لہرا کر اپنا بیانیہ بنایا کہ امریکہ نے ان کے خلاف سازش کی ، اس بیانیہ کی آڑ میں عمران خان کی عوامی مقبولیت میں تو بہت اضافہ ہوا اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کو نقصان ہوا۔ جو چالان عدالت میں جمع کرایا گیا ہے اس میں تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری جنرل اسد عمر کو ملزمان کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا حالانکہ اسد عمر سے بھی ایف آئی اے تفتیش کر چکی ہے ۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق اسد عمر کا معاملہ یہ ہے کہ وہ گرفتاری کے بعد ایک پریس کانفرنس میں پارٹی عہدہ اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں اور جو بھی پریس کانفرنس کرتا ہے وہ حکومتی اداروں کی نرمی کا حقدار قرار پاتا ہے۔ جبکہ عمران خان کے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان اس کیس میں مرکزی گواہ بن گئے ہیں جن کا سیکشن 161اور سیکشن 164کا بیان بھی چالان کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ اعظم خان کے بیان کی روشنی میں ہی عدالت کو فیصلہ کرنے میں آسانی ہو گی۔ دیگر گواہوں میں دفتر خارجہ کے دو سابق سیکرٹری سہیل محمود اور اسد مجید کے علاوہ وزارت خارجہ کے ایک ایڈیشنل سیکرٹری فیصل نیاز ترمذی بھی شامل ہیں ۔ اسد مجید نے جب سائفر بھجوایا تھا تو وہ امریکہ میں پاکستان کے سفیر تھے ۔ 9مئی کا واقعہ ہو یا سائفر کیس دونوں نے تحریک انصاف کی سیاست کو کافی نقصان پہنچایا اور عمران خان کی پارٹی میں ٹوٹ پھوٹ ہوئی ، دو واضح گروپ جہانگیر ترین اور پرویز خٹک کی قیادت میں الگ ہو چکے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں دیگر رہنما بھی عمران خان کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں ۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت جرم ثابت ہونے پر اگر عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو سزا ہوتی ہے تو وہ آئندہ الیکشن کے لئے نہ صرف نااہل ہو جائیں گے بلکہ سزا کے ذمہ دار صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی ہوں گے جنہوں نے اس بل پر دستخط کرنے کے معاملے میں جو راستہ اختیارکیا وہ قانونی طور پر درست نہیں تھا۔ انہوں نے آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ دونوں بلوں پر دستخط بھی نہیں کئے اور نہ ہی فائل پر اپنے ریمارکس لکھ کر جوابی خط وزارت قانون کو بھجوایا تھا اس معاملے پر صدر نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اپنے موقف کا اظہار تو کیا لیکن ان کے موقف میں زیادہ جان نہیں تھی اور حکومت کو یہ موقع ملا کہ یہ دونوں بل قانون بن گئے اور اب اس قانون کے تحت ہی عمران خان اور شاہ محمود کا ٹرائل ہو رہاہے ۔علاوہ ازیں سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک نیا پنڈورہ بکس کھول دیا ہے ۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کی ایکسٹیشن کے موقع پر ن لیگ کو پنجاب اور وفاق کی حکومتیں دلوانے کی پیشکش کی گئی تھی ۔ اس انکشاف سے عمران خان کا یہ موقف درست ثابت ہو رہاہے کہ سابق آرمی چیف وکٹ کے دونوں طرف کھیلتے رہے ۔ انہوں نے ایکسٹیشن لینے کے لئے عمران خان اور نوازشریف دونوں کے کندھے استعمال کئے ۔ 2017 میں نوازشریف کو دھوکہ دیا اور انہیں اقتدار سے نکلوانے میں پورا کردار ادا کیا اور دوسری مرتبہ 2022 میں عمران خان کی چھٹی کرانے میں بھی ان کا کردار رہاہے ۔ اسٹیبلشمنٹ کا سیاست میں کردار ختم کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ کو مضبوط بنائیں ، آئین اور قانون پر عمل کریں ، ایک دوسرے کے خلاف سازشوں کا حصہ نہ بنیں اور عوام کو ریلیف دیں تواسٹیبلشمنٹ کو سیاسی معاملات میں مداخلت کرنے کا موقع نہیں ملے گا۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ ہر دور میں کوئی ایک بڑی سیاسی جماعت اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل کر کے اقتدار میں آتی ہے تو کچھ عرصے بعد ہی وہی سیاسی جماعت اسٹیبلشمنٹ کو نشانے پر رکھ لیتی ہے ، یہ رویہ دونوں اطراف سے ختم کرنے کی ضرورت ہے اور امید کی جانی چاہئے کہ میاں نوازشریف وطن واپسی کے بعد ملکی معیشت کی بحالی ، جمہوریت کے استحکام اور آئین پر عملدرآمد یقینی بنانے کا ایجنڈا عوام کو دیں گے تو عوام ان کا ساتھ دیں گے۔ نوازشریف کو سیاسی مفاہمت کی طرف بھی بڑھنا ہو گا تاکہ ملک میں عدم استحکام کی فضا ختم ہو ۔علاوہ ازیں تازہ ترین خبروں کے مطابق ن لیگ نے نوازشریف کی طرف سے اپنایاگیا مزاحمتی بیانیہ وقتی طور پر ترک کردیا ہے اور اپنا فوکس ملکی معیشت کی بحالی بنالیاہے۔اگر یہ خبریں درست ہیں توخوش آئند بات ہے اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہبازشریف کی رائے کو نوازشریف اور دیگر ہارڈلائنرز نے مان لیا ہے ۔ اسی طرح کی رائے سابق وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان اور شہبازشریف نے 2018 کے الیکشن سے پہلے بھی دی تھی کاش اس وقت اس رائے کو مان لیاجاتا تو (ن)لیگ کو جن مشکلات کا سامناکرناپڑاشاہد ایسانہ ہوتا اور عمران خان اقتدارمیں نہ آتے۔
تجزیہ
شہبازبیانیہ تسلیم، ن لیگ ہارڈلائنرز کی رائے مسترد








