لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف سے لاہور میں ریٹائرڈ اور حاضر سروس سول و انتظامیہ کے افسران نے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیرِ اعظم کو شریک افسران نے گورننس، انتظامی امور اور پالیسیوں کے نفاذ کے حوالے سے اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارک باد پیش کی ۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کی خوشی قسمتی ہے کہ یہاںآپ جیسے قابل افسران موجود ہیں. بلاشبہ آپ ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں،قابلِ افسران سیاسی حکومت کی ملکی ترقی و خوشحالی میں راہنمائی اور معاونت کرتے ہیں، جو میگا پراجیکٹس پایہ تکمیل کو پہنچے چاہے وہ میٹرو ہو یا اورنج لائن افسران و دیگر حکومتی اہلکاروں کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ کپتان اپنی ٹیم کے بغیر کچھ نہیں کر سکتا،احتساب اور شفافیت کی آڑ میں افسران کی کو بلاوجہ ہراساں کرکے انکی کارکردگی کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی،قومی خدمت ہمارا نصب العین ہے، اس امر میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت قبول نہیں، اللہ نے مجھے ایک بار پھر قوم کی خدمت کا موقع دیا ہے، میرا یہ عزم ہے کہ قابل افسران کے ساتھ یہ سفر شروع کروں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ احتساب اور شفافیت لانے کیلئے قوانین کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی، سول سرونٹس حکومتی ٹیم کا حصہ ہوتے ہے ان کے خدشات کا تدارک بھی ضروری ہے۔اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب، مختلف محکموں کے سیکریٹریز، سابقہ چیف سیکٹریز اور مختلف محکموں کے سربراہوں نے مستقبل کے منصوبوں، موثر بیوروکریسی کے کردار اور عوام کو مختلف شعبوں میں ریلیف کے حوالے سے تجاویز بھی دیں۔
کپتان اپنی ٹیم کے بغیر کچھ نہیں کر سکتا،وزیراعظم شہباز شریف








