نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ ہم فوری طور پر فلسطینیوں کی مدد کے لیے تیار ہیں، ریاض میں او آئی سی کانفرنس کے دوران سعودی ہم منصب سے ملاقات کا متمنی ہوں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ فلسطین کا معاملہ بہت اہم ہے، فلسطین کے موجودہ صورتحال پر بھی بات ہوگی، اس میں کوئی شک نہیں کہ اسرائیل جارحیت دکھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام پر فضائی حملے کیے گئے، ان حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد معصوم شہری مارے گئے۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ افسوسناک امر ہے کہ غزہ کے عوام کے پاس نہ پانی ہے اور نہ غذا، یہ صورتحال نسل کشی کی طرف جارہی ہے، اسرائیل بین القوامی قوانین کی پاسداری کرے، اقوام متحدہ کی قرارداد کا بھی احترام کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی جدوجہد کے خلاف اسرائیلی جارحیت ناقابل قبول ہے، فلسطینیوں کے حقوق کا احترام کیا جانا چاہئے اوران کو آزاد ریاست کا حق دیا جائے۔
نگراں وزیر خارجہ نے کہا کہ امداد کے حوالے سے یو این ایجنسیز اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے رابطے میں ہیں، بدقسمتی سے غزہ کا مکمل محاصرہ کر رکھا گیا ہے۔









