بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک فلسطینیوں کی حمایت کرتے رہیں گے،شہباز شریف

لاہور(ممتازنیوز )سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے بچوں سمیت نہتے عام فلسطینی شہریوں پر ہزاروں ٹن بارود برسانے کی شدید مذمت، فوری بمباری رکوانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں سے سینکڑوں بچوں سمیت 2 ہزار سے زائد شہادتوں پر رنج و غم اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ صیہونی ریاست عالمی قانون اور انسانیت کی تمام حدیں پامال کر چکی ہے،عالمی برادری اور سلامتی کونسل فلسطینیوں کے زندہ اور آزاد رہنے کے مسلمہ قانونی حق کا تحفظ اور پاسداری یقینی بنائے ورنہ دنیا راکھ کا ڈھیر بن جائے گی ۔
اتوارکواپنے بیان میں سابق وزیراعظم نے کہاکہ سات دہائیوں سے ایک قابض فوج فلسطینیوں پر بدترین مظالم ڈھا رہی ہے، سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کراتی تو آج یہ حالات پیدا نہ ہوتے صیہونی ریاست دہائیوں سے نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہی ہے ،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے تاکہ بے گناہوں کا بہتا لہو روکا جا سکے،ہسپتالوں کو خالی کرانا، صحافیوں کو نشانہ بنانا قتل عام کی اجازت دینے کے مترادف ہے ،دنیا ظلم پرتماشائی نہ بنے، بے گناہ انسانوں کا قتل عام رکوانے کے لئے عملی اقدام کرے ۔
انہوں نے کہاکہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کے پلیٹ فارم سے فلسطینیوں کے لئے پانی، خوراک، ادویات کی فوری فراہمی شروع کی جائے ،تمام اسلامی ممالک او آئی سی کے پلیٹ فارم سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں ،بے گھر فلسطینیوں کے لئے پناہ گاہوں کی فراہمی کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں ،خواتین ، بچوں، ضعیفوں کے لئے خوراک اور علاج کی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں،ہسپتالوں، سکولوں اور عام آبادیوں کو بمباری کا نشانہ بنانا جنگ نہیں کھلا ظلم وبربریت ہے ۔
شہباز شریف نے کہاکہ موجودہ حالات اسلامی دنیا کا بھی امتحان ہےامن اور القدس الشریف دارالحکومت کی حامل آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک فلسطینیوں کی حمایت کرتے رہیں گے