بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سائفرکیس: جیل ٹرائل کیخلاف عمران خان کی درخواست پر فیصلہ آج سُنایا جائے گا

سائفر گمشدگی کیس میں جیل ٹرائل کیخلاف عمران خان کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج فیصلہ سُنایا جائے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس ہائیکورٹ عامر فاروق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنائیں گے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے کیس کی سماعت جیل کی بجائے عدالت میں سماعت کی استدعا کررکھی ہے جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے 12 ستمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

سائفرکیس کی آئندہ سماعت جیل میں ہوگی یا جوڈیشل کمپلیکس میں، یہ آج واضح ہوجائے گا۔

دوسری جانب سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے بھی عمران خان پر فرد جرم کے لیے 17 اکتوبر کی تاریخ دے رکھی ہے۔

سائفرمعاملہ کیا ہے؟
واضح رہے کہ مارچ 2022 میں ایک جلسے کے دوران اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان نے اپنی جیب سے خط نکال کر دعویٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ان کی بیرونی پالیسی کے سبب ’غیر ملکی سازش‘ کا نتیجہ تھی اور انہیں اقتدار سے ہٹانے کے لیے بیرون ملک سے فنڈز بھیجے گئے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے سائفر سے متعلق اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا جس میں انہوں نے سائفر کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا۔

سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے 164 کے تحت مجسٹریٹ کے سامنے اعترافی بیان ریکارڈ کرایا تھا۔