اسلام آباد(ممتازنیوز) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت آئندہ انتخابات کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے مولانا فضل الرحمان کی خوش دامن کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی ۔مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ نگران حکومت آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے بروقت انعقاد کے لئے پرعزم ہے، نگران حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کے لئے یکساں مواقع فراہم کرے۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن آزاد اور خودمختار ادارہ ہے، ہم خوشگوار اور پرامن ماحول میں انتخابات کا انعقاد ممکن بنانا چاہتے ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے نگران حکومت کے معاشی مسائل کے حل کے لئے اقدامات کو سراہامولانا فضل الرحمان نے انتخابی عمل میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
مرتضیٰ سولنگی سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات،انتخابی عمل میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا








