اسلام آباد (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیئے گئے، سماعت کل(19 اکتوبر) تک ملتوی کر دی گئی۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی ضمانت کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سماعت کی جس میں چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شامل ہیں۔ دوران سماعت نوازشریف کے وکیل امجدپرویز نے دلائل میں کہا کہ سابق وزیراعظم کی حفاظتی ضمانت کیلئے درخواست دائر کی ہے، انہوں نے حفاظتی ضمانت کیلئے کئی کیسز کے حوالے دیئے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ ابھی ملزم کا سٹیٹس کیا ہے؟ امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ جب کوئی ملزم عدالت میں سرنڈر کرنا چاہتا ہے تو عدالت موقع دیتی ہے، ماضی میں بھی اشہتاری ملزمان کو سرنڈر کیلئے حفاظتی ضمانت دی گئی۔
واضح رہے کہ نوازشریف کی جانب سے آج دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم کیسز کا سامنا کرنا چاہتے ہیں، ان کو عدالت پہنچنے تک گرفتاری سے روکا جائے اور حفاظتی ضمانت دی جائے۔









