پوری دنیا کی مخالفت کے باوجود امریکا اور برطانیہ غزہ میں اسرائیل کی جیت کے خواہاں ہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے اسرائیل کا دورہ کرتے ہوئے وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو سے ملاقات کی اور کہا کہ آپ کو جیتتے ہوئے دیکھنا چاہتےہيں۔
دورہ اسرائیل میں برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات میں کہا کہ مشکل وقت میں دوست کی حیثیت سے اظہار یکجہتی کے لیے اسرائیل اور اسرائیلیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور چاہتے ہیں کہ اس جنگ میں اسرائیل جیتے۔
اس موقع پر نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ حماس کے حملے کا مقصد اسرائیل کے عرب ریاستوں سے امن تعلقات بگاڑنا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر جوبائیڈن اسرائیل کے دورے پر تل ابیب پہنچے تھے جہاں انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم ملاقات کی تھی۔
امریکی صدر نے نیتن یاہو سے گفتگو میں غزہ کے اسپتال پرحملے کی ذمہ داری فلسطینی گروپ پر ڈالتے ہوئے کہا تھا کہ غزہ کے اسپتال پر حملہ بظاہر آپ نے نہیں دوسری ٹیم نے کیا البتہ امریکی صدر نے اس حوالے سے کسی ثبوت کا کوئی ذکر نہیں کیا۔
ادھر بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ سے مصر کے وزیراعظم نے ملاقات کی جس میں جلد از جلد جنگ روکنے پر اتفاق کیا گیا۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی وحشیانہ بمباری 12ویں روز بھی جاری ہے، مسلسل بمباری اور سخت ترین ناکہ بندی کے باعث اسپتالوں میں بنیادی سہولیات ختم ہوگئیں، ڈاکٹر اسپتالوں کے صحن میں بے ہوش کیے بغیر آپریشن کرنے پر مجبور ہیں۔
غزہ سٹی اور جنوبی علاقوں میں رہائشی عمارتوں پر تازہ حملوں میں عورتوں بچوں سمیت کئی فلسطینی شہید ہوگئے، اقوام متحدہ کے تحت خان یونس میں چلنے والے اسکول کو بھی نقصان پہنچا اور اسپتال پر حملے کے بعد اسرائیل نے ایک ہی روز میں مزید 433 فلسطینی شہیدکردیے، اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 3 ہزار 4 سو سے زائد ہوگئی جب کہ 12 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔
غزہ میں اسرائیلی حملوں کے بعد دنیا بھر کے مختلف ممالک میں اسرائیل کے خلاف غم و غصہ پایا گیا جس کے باعث اسرائیل اور حامی ملکوں کے سفارت خانوں کے باہر مظاہرے کیے۔









