بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی لائیو اسٹریمنگ درخواست مسترد

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی سماعت براہِ راست نشر (لائیو اسٹریمنگ) کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ کا معاملہ اس وقت ایڈمنسٹریشن کمیٹی کے پاس زیرِ غور ہے اور اس حوالے سے ابھی قواعد و ضوابط (رولز) بننا باقی ہیں۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے استدعا کی کہ لائیو اسٹریمنگ کے رولز بننے تک اپیلوں پر سماعت ملتوی کر دی جائے، جس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ مجھے ڈکٹیٹ نہیں کر سکتے، اس عدالت میں کیا ہونا چاہیے اور کیا نہیں یہ طے کرنا میرا کام ہے؛ سماعت اوپن کورٹ میں ہو رہی ہے، آپ دلائل شروع کرنے سے کیوں ہچکچا رہے ہیں؟

عدالت میں مرکزی اپیلوں پر دلائل دیتے ہوئے وکیل صفائی بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ اس مقدمے میں شہزاد اکبر، فرحت شہزادی اور ذلفی بخاری سمیت چھ ملزمان غیر حاضر رہے جبکہ عدالت نے صرف دو ملزمان کی حد تک کیس کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ رقم قومی خزانے کے بجائے چار سال تک سپریم کورٹ کے پاس پڑی رہی اور سپریم کورٹ کی سرمایہ کاری سے یہ پیسہ دوگنا ہو گیا، تو پھر اس میں نقصان کہاں ہوا؟

بیرسٹر سلمان صفدر نے مزید کہا کہ دراصل قومی خزانے کو نقصان اس مقدمے کے ذریعے ہوا ہے جس پر مہنگی ترین پراسیکیوشن کی گئی، جبکہ عام طور پر نیب کا مقدمہ یہ ہوتا ہے کہ پیسہ ملک سے باہر چلا گیا، مگر یہاں تو پیسہ واپس ملک میں آ رہا تھا۔ بعد ازاں عدالت نے لائیو اسٹریمنگ سے متعلق متفرق درخواست باضابطہ طور پر مسترد کر دی۔