بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسرائیلی وزیر ثقافت نے غزہ پر ایٹم بم گرانے کی دھمکی دے دی

تل ابیب: اسرائیل کے وزیر ثقافت امیچائی الیاہو نے غزہ پر ایٹم بم گرانے کی دھمکی دے دی ۔
اسرائیلی وزیر امیچائی الیاہو نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ غزہ پر ایٹم بم گرانے پر غور کیا جاسکتا ہے اور غزہ سے فلسطینیوں کو نکال کر وہاں اسرائیلیوں کو آباد کرنا چاہیے۔

اسرائیلی وزیر کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو صحرا سینا یا آئرلیںڈ بھیج دیا جائے اور فلسطین کا پرچم اٹھانے والوں کا اس زمین پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
اسرائیلی وزیر کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے حماس کا کہنا تھا کہ الیاہو کا بیان نیتن یاہو حکومت کی بے مثال دہشت گردی کی عکاسی کرتا ہے۔
ٹائمز آف اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے وزیر ثقافت کے اس بیان کے بعد ان کی جنگی کابینہ سے رکنیت معطل کر دی ہے۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق امیچائی الیاہو اب اسرائیل کی جنگی کابینہ کا حصہ نہیں رہے اور وزیر اعظم نیتن یاہو نے ان کے بیان کے بعد ان کی رکنیت کو معظل کر دیا ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم آفس کی جانب سے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ امیچائی الیاہو کا بیان حقیقت سے الگ ہے،اسرائیل اور اسرائیلی ڈیفنس فورسز ( آئی ڈی ایف ) بین الاقوامی قوانین کے مطابق کام کر رہے ہیں اور جنگ کو اپنی فتح تک جاری رکھیں گے۔