بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اپنی ناکامیوں کی ذمہ داری ہم پر نہ ڈالیں : افغانستان کا نگراں وزیراعظم کے بیان پر ردعمل

کابل: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے بیان پر افغانستان کی جانب سے ردعمل میں کہا گیا ہے کہ جس طرح امارت اسلامیہ افغانستان میں امن و استحکام چاہتی ہے اسی طرح پاکستان میں بھی امن چاہتی ہے۔
افغان حکومت (طالبان) کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امارت اسلامیہ کسی کو بھی افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔
ترجمان طالبان نے لکھا کہ امارت اسلامیہ افغانستان پاکستان میں قیام امن کی ذمہ دار نہیں ہے، انہیں (پاکستان کو) چاہیے کہ وہ اپنے ملکی مسائل خود حل کریں اور اپنی ناکامیوں کی ذمہ داری افغانستان پر نہ ڈالیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ’یہ حقیقت ہے کہ امارت اسلامیہ کی فتح کے بعد پاکستان میں عدم تحفظ میں اضافہ ہوا ہے، لیکن اس بات کی دلیل نہیں دی جا سکتی کہ پاکستان میں عدم تحفظ کے پیچھے ہمارا ہاتھ ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ’افغانستان میں اسلحہ محفوظ ہے، چوری نہیں ہوا، اسلحے کی اسمگلنگ ممنوع ہے اور تمام غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا گیا ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’افغانستان پاکستان کے ساتھ برادر اور پڑوسی ملک کی طرح اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ پاکستانی فریق کو بھی امارت اسلامیہ کی نیک نیتی کو سمجھنا چاہیے اور امارت اسلامیہ کی دیگر ممالک کے معاملات میں مداخلت نہ کرنے کی نیت پر شک نہیں کیا جانا چاہیے، (افغانستان) دوسروں کی حدود میں مداخلت اور جوابی اقدامات نہیں کرنا چاہتا‘۔