اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان قومی اسمبلی نے اپنی تنخواہیں وصول کرلیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ 16 اپریل کو پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا تاہم اب پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کی اپریل کی تنخواہ اور دیگر الاؤنسز جاری کردیے گئے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق واجب الادا رقوم ارکان کے ذاتی اکاؤنٹس میں بھیج دی گئیں ہیں، ارکان کے استعفے منظور ہونے کا نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں ہوسکا اس لیے تنخواہیں جاری کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق مستعفی ارکان کو 16اپریل کے بعد واجبات اس لئے ادا نہیں کئے کہ اگر ان کے حتمی طوپر استعفے منظور ہوگئے تو پھر ان سے اداشدہ واجبات واپس کیسے لئے جائیں گے، 16اپریل کو سابق ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے مستعفی ارکان کے استعفے منظور کرلئے تھے ۔سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے استعفے منظور کرکے الیکشن کمیشن کو بھی بھیج دیئے تھے ،نئے سپیکر راجہ پرویزاشرف نے سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی طرف سے استعفوں کی منظوری پر اعتراض کیا تھا سپیکر راجہ پرویزاشرف نے اگلے ہفتے سے پی ٹی آئی مستعفی ارکان کو الگ الگ بلاکر استعفوں کی تصدیق کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن ارکان کے آزادانہ استعفوں کی تصدیق نہ ہوئی ان کو 16اپریل کے بعد واجبات بھی ادا کئے جائیں گے جن ارکان نے استعفوں کی تصدق کردی ان کو 16اپریل کے بعدکے واجبات نہیں ملیں گے ۔16اپریل تک کے واجبات پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان کے ذاتی اکاونٹس میں منتقل کئے گئے ہیں۔









