بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صدر مملکت کے بیانات ان کے آئینی کردار سے متصادم نظر آ رہے ہیں،نگران وزیراطلاعات

اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہاہے کہ بدقسمتی سے جیسے جیسے ہم انتخابات کے قریب جا رہے ہیں صدر مملکت کے بیانات ان کے آئینی کردار سے متصادم نظر آ رہے ہیں۔صدرعلوی کے انٹرویوپراپنے ردعمل کااظہار کرتےہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ پوری قوم کی خواہش ہے کہ صدر مملکت عارف علوی صاحب وفاق کی علامت کے طور اپنے فرائض سر انجام دیں اور ایسا تاثر نہ دیں جس سے لوگ انہیں ایک جماعت کے ترجمان کے طور پر دیکھیں۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے جیسے جیسے ہم انتخابات کے قریب جا رہے ہیں صدر مملکت کے بیانات ان کے آئینی کردار سے متصادم نظر آ رہے ہیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ  الیکشن کمیشن انتہائی تندہی اور ذمہ داری کیساتھ الیکشن کی طرف گامزن ہے۔ انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہو گیا ہے اور تمام جماعتوں کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی سرگرمیوں کی اجازت ہے۔ ایسے میں صدر مملکت کی طرف سے برابر مواقع فراہم نہ کرنے کی شکایت بہت افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ صدر صاحب کو اچھی طرح سے معلوم ہے کہ آج لیول پلینگ فیلڈ کا مطالبہ کرنے والے لوگ ہی پچ اکھاڑ کر اور وکٹیں لیکر میدان سے بھاگے تھے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ صدر صاحب الیکشن کمیشن کے آئینی ادارے کو اپنا کام کرنے دیں گے اور ایک سیاسی جماعت کے کارکن بننے کی بجائے پورے ملک کے صدر کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دیں گے جو کہ ان کا آئینی فریضہ ہے۔