بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چلاس میں مسافر بس پر فائرنگ، 8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

گلگت بلتستان کے دیامر ڈویژن میں چلاس سے متصل علاقے ہڈور پڑی کے سامنے شاہراہِ قراقرم پر نامعلوم افراد نے مسافر بس پر فائرنگ کر دی ہے جس کے باعث 8 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پیش آنے والے واقعہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو ریجنل ہیڈکوارٹر اسپتال چلاس منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ فائرنگ کا شکار مسافر K2 بس 4647- BLN ضلع غذر سے مسافروں کو لے کر راولپنڈی جارہی تھی کہ ہڈور کے قریب نامعلوم افراد نے فائر کھول دیا۔
پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق افراد میں عبد القیوم ولد عبدالرؤف، محمد نصیر، کمال عباس ولد میرزا حسین، اورنگزیب، میر عالم ولد داؤد شامل ہیں جبکہ 3 افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔
ضلع دیامر پولیس سے ملنے والی معلومات کے مطابق 16 زخمیوں میں شکور جان ولد غلام رضا، مظہر ولد شکور جان ساکن دینور گلگت، شبیر ولد سید شاہ علی ساکن سکوار گلگت، نور بیگم زوجہ صفر علی گاہکوچ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ تاج بیگم زوجہ یوسف ساکن گاہکوچ، اسلام گل ولد راہی گل ساکن پشاور، معاذ خان ولد ذاکر حسین، صفر علی ولد راحیم علی ساکن شیر قلعہ، محمد علی ولد یاسین ساکن اسکردو، رحمت جان ولد غلام علی، شکیل احمد ولد علی شیر ساکن اسکردو بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق نذیر ولد غلام احمد ساکن غذر، محمد حسین ولد غلام مہدی ساکن اسکردو، محمد الطاف ولد سخی محمد ساکن چھموگڑ، مزمل علی ولد ظفر علی ساکن غذر اور فدا کریم ولد ذاکر ساکن نگر بھی زخمی ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق ملزمان کی جانب سے بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی جس کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔