سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگ میں 299 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد پاکستان کو 14 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
آج کے روز آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 187 رنز پر گری، اسٹیو اسمتھ کو 38 رنز پر میر حمزہ نے آؤٹ کیا جبکہ چوتھی وکٹ بھی اسی یعنی 187 رنز پر گری۔
چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مارنس لبوشین تھے، وہ 60 رنز پر آغا سلمان کی بال پر بولڈ ہوئے جبکہ ٹریوس ہیڈ 10 رنز بنا سکے۔
آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ 289 رنز پر گری، ایلکس کیری کو 38 رنز پر ساجد خان نے بولڈ کیا جبکہ 293 رنز پر ساتویں وکٹ عامر جمال کے حصے میں آئی جب انہوں نے مچل مارش کو 54 رنز پر آؤٹ کیا۔
عامر جمال کی شاندار بولنگ
اس کے بعد آسٹریلوی ٹیم کچھ خاص نہ کرسکی اور پوری ٹیم 299 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ آخری تین بیٹرز پیٹ کمنز، نیتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ کو عامر جمال نے آؤٹ کیا۔
پہلی اننگ میں عامر جمال نے 6، آغا سلمان 2 جبکہ میر حمزہ اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 313 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی۔








