لاہور(ممتازنیوز)سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے یوم حق خود ارادیت کشمیر کے موقع پر کشمیریوں کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ77 سال گزرنے کے باوجود جموں و کشمیر کے عوام اپنی آزادی کے منتظر ہیں ،اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری 5 جنوری 1949 کی عالمی قرارداد پر عمل درآمد کرائے ،75 سال قبل آج کے دن جموں و کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا ،اقوام متحدہ کے کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان (یو این سی آئی پی) کی جموں و کشمیر میں استصواب رائے کرانے کی قرارداد پر عمل کرایا جائے ،وعدہ کیا گیا تھا کہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے جموں و کشمیر کے عوام اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کریں گے ۔
جمعہ کواپنے بیان میں شہباز شریف نے کہاکہ 5 آگست 2019 اس عالمی قرارداد کی خلاف ورزی تھی ،یہ دن بھارت کو یاد دلاتا ہے کہ وہ جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کئے ہوئے ہے،بھارت 77 سال سے عالمی قانون، عالمی ذمہ داریوں اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کرتا آ رہا ہے ،ظلم و جبر اور استبداد کے بدترین بھارتی ہتھکنڈے جموں و کشمیر کے عوام کو آزادی کے جذبے کو سرد نہیں کر سکے ،عالمی برادری فلسطین اور جموں وکشمیر میں جنگی جرائم کا حساب لے، غاصبانہ قبضے کا شکار عوام کا تحفظ اور ان سے اپنے وعدے پورے کرے ،اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی ناکامی دنیا میں امن کی ناکامی، عالمی قانون اور انسانیت کے مجرموں کی جیت بن رہی ہے ،جنگی جرائم میں ملوث ریاستوں کے خلاف دوہرا معیار دنیا میں تباہی پھیلا رہا ہے ،قانونی حقوق کی فراہمی اور عالمی قراردادوں پر عملدرآمد ہونے تک جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے ،جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کی عظیم قربانیوں، بے مثال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں ،سابق وزیر اعظم نے جدوجہد آزادی کے شہداء کو خراج عقیدت،درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعاکی۔
77 سال گزرنے کے باوجود جموں و کشمیر کے عوام اپنی آزادی کے منتظر ہیں،شہباز شریف








