اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف(Khawaja Asif) نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی معاہدے کا مشترکہ اعلامیہ پاکستان کے لیے تاریخی قدم ہے۔
خواجہ آصف نے ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ پہلی بار پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے اجتماعی دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کو باضابطہ شکل دی ہے۔
انھوں نے کہا یہ پیش رفت اس بات کا پیغام ہے کہ مسلم دنیا اپنی سلامتی کے لیے دوسروں کی طرف دیکھنے کی بہ جائے متحد ہو رہی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ معاہدے کے سیکریٹریٹ کا قیام اتحاد کو محض اعلانات سے آگے بڑھ کر عملی بنیادوں پر استوار کرے گا، مشترکہ اعلامیہ خطے میں کشیدگی کم کرنے، تنازعات کے پُر امن حل، مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دیتا ہے۔
وزیر دفاع نے حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئےکہا شہریوں اور شہری انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں مکہ دفاعی اتحاد کے تحت اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ تینوں ممالک نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مزیدپڑھیں:معروف ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر برونسن ریڈ 38 سال کی عمر میں انتقال کرگئے
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے بتایا کہ اجلاس میں تینوں ملکوں کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے شرکت کی، خطے کی ابھرتی ہوئی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے اصولوں اور مقاصد سے وابستگی کا عزم دہرایا۔ معاہدے میں اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی، ہر فریق کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام شامل ہے۔
اجلاس میں سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی، سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کا عزم دہرایا گیا۔








