بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قومی اسمبلی اجلاس پرشش پنج برقرار،آئینی بحران سے بچنےکے لیے صدر عارف علوی کواستعفے کی تجویز

اسلام آباد (طارق محمود سمیر)قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کا تنازع حل نہیں ہو پارہا ، (ن)لیگ اور پیپلزپارٹی کا یہ دعویٰ ہے کہ سپیکر راجہ پرویز اشرف 29فروری کو اجلاس طلب کر لیں گے تاہم نگران وزیراعظم کی طرف سے صدر کو اجلاس طلب کرنے کے لیے ایک نئی
سمری بھجوانے کی بھی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں ،دوسری جانب ایک اہم شخصیت نے صدر عارف علوی سے ملاقات کر کے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ ملک میں کوئی آئینی بحران پیداکرنے سے گریز کریں اور اگر وہ اسمبلی کا اجلاس نہیں بلانا چاہتے تو صدارت کے عہدے سے استعفیٰ دے دیں ۔گزشتہ روز ایوان صدر میں ایک اہم شخصیت نے صدر سے ایک ملاقات کی تھی جس میں قومی اسمبلی کا اجلاس طلب نہ کرنے سے متعلق صدر کے موقف کا اس شخصیت نے اپنی رائے کا اظہار کیا اور صدر کو مشورہ دیا کہ ان کی صدارت کی مدت چند دن کی رہ گئی اور اس مرحلے پر کسی قسم کا آئینی بحران پیدا کئے جانے سے گریز کرنا چاہئے جس پر صدر نے کہاکہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل سے انصاف نہیں کیا جارہااور قومی اسمبلی کی مکمل تعداد کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا اس لیے ان کی رائے میں اجلاس اس وقت تک طلب نہیں کیا جاسکتا جب تک ایوان مکمل نہ ہو جائیجس پر اس شخصیت نے صدر مملکت سے کہا کہ میاں شہبازشریف ، بلاول بھٹو ، مریم نواز سمیت دیگر کئی اہم رہنماجنہوں نے ایک سے زائد نشستوں پر الیکشن لڑا ان کی نشستیں خالی ہو رہی ہیں اور اس حساب سے دیکھا جائے تو قومی اسمبلی اور اسمبلیوں میں 30سے 35حلقے خالی ہو جائیں گے جن پر ضمنی الیکشن ہوں گے اور یہ نشستیں اگر خالی ہوں تو کیا ہائوس کے مکمل ہونے کا انتظار کیا جائے گا ۔ آئینی تقاضا ہے کہ 21 روز کے اندر اجلاس بلانا لازمی ہے ۔ ذرائع کے مطابق صدر کو یہ بھی مشورہ دیا گیا کہ اگر وہ مناسب سمجھیں تو صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیں تاہم صدر نے اس تجویز پر کسی قسم کے فوری ردعمل کا اظہار نہیں کیا ۔دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے صدر عارف علوی کو ایک کھلی دھمکی دیدی ہے کہ ان کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت دو مقدمات بنائے جائیں گے ایک مقدمہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد قومی اسمبلی توڑنے اور دوسرا قومی اسمبلی کا اجلاس طلب نہ کرنے کا بنایا جائے گا۔بلاول بھٹو جو شہبازشریف کے اتحادی ہیں ان کا یہ بیان خاصی اہمیت کا حامل ہے ، ایک طرف کوئی صدر کے پاس جاکر اسمبلی اجلاس بلانے اور صدارت سے ا ستعفیٰ دینے کا مشورہ دے رہاہے تو دوسری جانب بلاول بھٹو کھلے عام صدر کے خلاف بغاوت کے مقدمات درج کرانے کی باتیں کر رہے ہیں ، اسی طرح کا ایک مقدمہ سابق صدر ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کے خلاف کیا گیا تھا ، کیونکہ انہوں نے 2007 میں ججز کو عہدوں سے برطرف کر کے ایمرجنسی نافذ کر دی تھی ۔ علاوہ ازیں (ن)لیگ کے سینئر رہنما اسحاق ڈار نے بھی صدر عارف علوی پر قومی اسمبلی کا اجلاس طلب نہ کرنے اور آئین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کر دیا اور یہ دعویٰ کیا ہے کہ سپیکر 29 فروری کو اجلاس طلب کرے جس میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے ۔مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں محمد نوازشریف نے (ن) لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا ایک اہم اجلاس آج طلب کر لیا اور وہ اس اجلاس کی صدارت کریں گے ۔ نوازشریف کے اجلاس طلب کرنے کے بعد یہ افواہیں بھی دم توڑ گئی ہیں کہ نوازشریف سیاست سے کنارہ کش ہو گئے اور وہ قومی اسمبلی کے رکن کے طور پر حلف نہیں اٹھائیں گے ۔ وہ قومی اسمبلی میں حلف اٹھائیں گے ، سپیکر ، ڈپٹی سپیکر کے الیکشن کے بعد وزیراعظم اور صدر کے الیکشن میں بھی ووٹ دیں گے۔ وہ گزشتہ روز لاہور میں مریم نوازکے وزیراعلیٰ پنجاب بننے پر خوش نظر آرہے تھے ۔ علاوہ ازیں سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ ملنے کا معاملہ الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے ، منگل کو الیکشن کمیشن میں جب سماعت شروع ہوئی تو سنی اتحاد کونسل کے وکیل تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے مختصر دلائل دیئے اور سماعت ایک دن کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست دی، اب اس پر فیصلہ آج ہو گا ، (ن)لیگ کے رہنما اعظم نذیر تارڑ اور عطاء اللہ تارڑ کا یہ موقف ہے کہ سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہیں دی جاسکتی ، ایک تو قانون کے مطابق انہوں نے بروقت فہرستیں جمع نہیں کروائیں اور دوسری وجہ یہ ہے کہ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضاخود آزاد حیثیت میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں ، اس حوالے سے قانونی ماہرین کی رائے منقسم ہے ، بعض ماہرین یہ کہتے ہیں کہ سنی اتحاد کونسل کو یہ نشستیں مل جائیں گی اور بعض قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق یہ نشستیں سنی اتحاد کونسل کو نہیں دی جاسکتیں ، تاہم حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن نے ہی کرنا ہے اور الیکشن کمیشن کے بعد یہ معاملہ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں بھی جائے گا۔