بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

’ حکومت میں شمولیت کے بدلے صرف ایک وزارت’، مصطفیٰ کمال کے بعد گورنر سندھ کی بھی مبینہ آڈیو لیک

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان ) کے ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کی آڈیو لیک ہونے کے بعد پارٹی سے تعلق رکھنے والے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوی کی مبینہ آڈیو لیک بھی منظر عام پر آگئی۔

لیک آڈیو گورنر ہاؤس کے واٹس ایپ گروپ پر شئیر کی گئی جسے کچھ دیر میں ڈیلیٹ کردیا گیا۔

آڈیو لیک میں مبینہ طور پر کامران ٹیسوری کو شکوہ کرتے ہوئے سنا گیا کہ حکومت میں شامل ہونے کے بدلے ایم کیو ایم سے صرف ایک وزارت کا وعدہ کیا گیا۔

اس میں انہیں کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ تھے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) اپوزیشن میں تھیں، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا ساتھ دینے کی وجہ سے ہمارا ووٹر ناراض ہوگیا۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ حکومت میں شامل ہونے کے بدلے صرف وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی پیشکش کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مصطفیٰ کمال کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کی آڈیو لیک ہوکر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی جس میں وہ مسلم لیگ (ن) سے مذاکرات میں بے توقیری کا گلہ کررہے تھے۔

مصطفیٰ کمال نے وائرل آڈیو کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ معلوم ہوگیا کون رابطہ کمیٹی میں بیٹھ کر ایم کیوایم لندن کے لیے کام کررہا ہے۔

آڈیو میں مصطفیٰ کمال کہتے سنائی دے رہے تھے کہ ایسا لگا جیسے کمرہ کھول کر گھسے ہوں اور رویہ ایسا تھا جیسے نظر پڑجانے پر کہا جائے کہ اب بیٹھ ہی جاؤ۔

آڈیو میں سنا جاسکتا تھا کہ ’بتایا گیا اُنھیں پیپلز پارٹی والے کہہ رہے ہیں ایم کیو ایم کا مینڈیٹ 100 فیصد جعلی ہے جب پی ایم ایل این اور پیپلز پارٹی کے نمبرز پورے ہیں تو انھیں باہر نکالیں۔