خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کے سامنے تیز رفتار گاڑی نے بے قابو ہو کر اسکول جانے والی 3 طالبات کو کچل دیا جس کے نتیجے میں ایک آٹھویں جماعت کی طالبہ شیزہ فاطمہ جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ زخمی ہونے والی طالبات کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، حادثہ میں گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔
پولیس نے کار ڈرائیور علی فضل کو حراست میں لیا ہے اور مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر خانیوال رانا عمر فاروق نے جاں بحق طالبہ کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے بتایا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جاں بحق لڑکی کے ورثا کو ہر ممکن انصاف ملے گا۔








