بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان انسانی سمگلنگ کے خلاف جنگ میں عالمی پروٹوکولز پر کار بند ہے،ڈی جی ایف آئی اے

اسلام آباد: انسانی سمگلنگ اور جبری مشقت کے موضوع پہ منعقد عالمی کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔عالمی کانفرنس کا انعقاد SSDO اور ایف آئی اے نے مل کر کیا ۔ کانفرنس میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ، امریکی سفیر برائے پاکستان، معزز سفارتکاروں، سینیٹرز اور پولیس اور ایف آئی اے کے سینئر افسران نے شرکت کی  ۔ کانفرنس کا مقصد انسانی سمگلنگ ، ٹریفکنگ اور جبری مشقت جیسے جرائم کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔ کانفرنس کا آغاز ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ، احمد اسحاق جہانگیر ایف آئی اے کے خطاب سے ہوا ۔ اپنے خطاب میں ڈی جی ایف آئی اے نے SSDO کو کامیاب کانفرنس منعقد کرنے پر سراہا۔ ڈی جی ایف آئی اے نے کہاکہ انسانی سمگلنگ اور جبری مشقت میں مجرموں کے خلاف قانونی کارروائیاں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انسانی سمگلنگ ایک ایسا جرم ہے جو عمر ، جنس اور سماجی پس منظر سے قطع نظر معاشرے کے ہر فرد کو متاثر کرتا ہے ۔ ڈی جی ایف آئی اے نے کہاکہ پاکستان انسانی سمگلنگ کے خلاف جنگ میں عالمی پروٹوکولز پر کار بند ہے اور عالمی تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چوکس اور چوکنا رہتے ہوئے اور ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھا کر شہریوں کو انسانی سمگلرز اور ٹریفکرز سے محفوظ بنانا ہے ۔ اپنے اختتامی کلمات میں ڈی جی ایف آئی اے نے انسانی سمگلنگ کے خلاف جنگ میں عالمی تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے پرزور دیا ۔