اسلام آباد(ممتازنیوز)مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نوازشریف نے ایاز صادق کودوبارہ سپیکر قومی اسمبلی نامزد کر نے کاباضابطہ اعلان کردیا۔یہ اعلان انہوں نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اس سے پہلے مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے بھی میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئےکہاتھا کہ نوازشریف نے شہبازشریف کو وزیراعظم اور ایاز صادق کو سپیکر قومی اسمبلی نامزد کر دیاہے ۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی طرف سے ایاز صادق کو دوسری بارسپیکرکے عہدے کے لیے نامزدکیاگیاہے۔اس سے پہلے وہ 3 جون 2013 کو فہمیدہ مرزا کے بعد ایوان زیریں پاکستان کے انیسویں سپیکر بنےتھے۔آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات میں ایاز صادق این اے 120 لاہورسے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ۔ سردار ایاز صادق کے بارمیں کہاجاتا ہے کہ وہ تحریک انصاف کیلئے بھی ایک قابل قبول سپیکر ہیں جس کا پس منظر عمران خان سے ان کی ذاتی دوست ہونے کے ساتھ ساتھ یہ حوالہ بھی اہم ہے کہ ایاز صادق پہلے تحریک انصاف میں شامل تھے، فروری 1997 میں ہونے والے عام انتخابات میں عمران خان نے لاہور سے قومی اسمبلی کی جس نشست کیلئے امیدوار تھے، اسی حلقے کی صوبائی نشست پر سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر پنجاب اسمبلی کیلئے انتخاب لڑا تھا تاہم دونوں ہی اپنی اپنی نشستوں پر شکست کھا گئے، جس کے بعد سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا اور مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔اس کے بعد 2002 میں ہونے والے انتخابات میں انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا اور اپنے پرانے دوست اور قائد عمران خان کو شکست دیکر قومی اسمبلی میں پہنچے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ الیکشن میں ان کی کامیابی کو عمران خان نے انتخابی ٹربیونل میں چیلنج کردیا تھا لیکن دوبارہ پولنگ میں بھی ایاز صادق کامیاب رہے اور سپیکر کے منصب پر فائز ہوئے۔








