اسلام آباد(وقائع نگار)سنی اتحاد کونسل کے ارکان قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ ہائوس میں اپوزیشن چیمبر میں اپنے اجلاس شروع کردیے ہیں اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے عملے نے اپوزیشن چیمبر آمد پر ان کا استقبال کیا ۔ تفصیلات کے مطابق قائد ایوان کی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد وزارت عظمیٰ کے امیدوار عمر ایوب خان پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹرگوہر خان ، سابق اسپیکر اسد قیصر ، عامر ڈوگر ، جنید اکبر ، لطیف کھوسہ ، علی محمد خان سمیت دیگر ارکان جانچ پڑتال کے مرحلے سے قبل اپوزیشن چیمبر میں پہنچ گئے اور وہاں دو گھنٹے تک اپنا اجلاس جاری رکھا۔ عمر ایوب خان نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے دوسرے دور حکومت میں ان کے والد گوہر ایوب خان مرحوم ڈپٹی اپوزیشن لیڈر تھے اور اسی کمرے میں وہ بیٹھا کرتے تھے ، پارلیمنٹ ہائوس کے اندر اپوزیشن کا چیمبر مستقل طور پر مختص کیا جا چکا ہے اور جو بھی قائد حزب اختلاف مقرر ہوتا ہے اسے اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے وفاقی کے برابر مراعات دی جاتی ہیں، میاں محمد نوازشریف ، محترمہ بینظیر بھٹو شہید، غلام مصطفیٰ جتوئی ، مولانا فضل الرحمان ، میاں شہبازشریف، چودھری نثار علی خان ، چودھری پرویز الٰہی اورراجہ ریاض سمیت دیگر رہنما اپوزیشن لیڈر رہ چکے ہیں ،اب اس بات کا امکان ہے کہ جسے عمران خان نامزد کریں گے وہی اپوزیشن لیڈر ہوگا اور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا کی طرف سے تحریری طور پر اسپیکر کو ایک درخواست دی جائے گی ۔ذرائع اس بات کا امکان ظاہر کر رہے ہیں کہ علی محمد خان اور بیرسٹر گوہر میں سے کوئی ایک قائد حزب اختلاف ہوگا جبکہ عمر ایوب خان جو خاصا پارلیمانی تجربہ رکھتے ہیں انہیں سنی اتحاد کونسل کا پارلیمانی لیڈر مقرر کیا جائےگا۔
پارلیمنٹ ہائوس کے اپوزیشن چیمبر میں سنی اتحاد کونسل کے اجلاس شروع








