بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نائجیریا کے ہائی کمشنر کی وفد کے ہمراہ چیئرمین نادرہ سے ملاقات

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان میں نائجیریا کے ہائی کمشنر احمد روفائی ابو بکر نے وفد کے ہمراہ نادرہ ہیڈ کوارٹراسلام آباد میں چیئرمین نادرا طارق ملک سے ملاقات کی۔چیئرمین نادرا طارق ملک نے نائجیریا کے ہائی کمشنر کی سربراہی میں وفد کو نادرا کے مختلف آپریشنز اور پاکستان بھر میں یونیورسل آئی ڈی رجسٹریشن کوریج کے حصول اور سرکاری اور نجی شعبے کے مختلف اقدامات کی معاونت کے لئے قومی شناختی ڈیٹا کے استعمال میں کامیابی سے آگاہ کیا۔بریفنگ کے دوران طارق ملک نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پاکستان کی “لک افریقہ پالیسی” کے بعد نادرا نائجیریا، کینیا، سوڈان اور صومالیہ میں بہت سی سرکاری ادراروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے وفد کو آگاہ کیا کہ نادرا نے نہ صرف نائجیریا میں تعطل کا شکار شناختی کارڈ پروگرام کی بحالی میں اہم کامیابی حاصل کی ہے بلکہ ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے تحت اتھارٹی نے نیشنل آئی ڈی مینجمنٹ کمیشن (این آئی ایم سی) نائجیریا کے تکنیکی عملے کو آزادانہ طور پر چلانے کے لئے لیس اور بااختیار بنایا ہے۔ہائی کمشنر جناب احمد روفائی ابوبکر نے طارق ملک اور نادرا ٹیموں کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے نائجیریا کی حکومت کے لئے قومی شناختی کارڈ کے اعداد و شمار اور نائجیریا میںموجود دیگر مختلف نظاموں کے ساتھ اس کے روابط کا فائدہ اٹھانے کے لئے نادرا کی تکنیکی خدمات حاصل کرنے کی خواہش کابھی اظہار کیا۔چیئرمین نادرا طارق ملک نے وفد کو یقین دلایا کہ نادرا آئی ڈی سے متعلق منصوبوں میں جی ٹو جی کی ہر ممکن معاونت ضرور کرے گا۔ طارق ملک نے “سچائی کا ایک ورژن” حاصل کرنے پر بھی زور دیا جو صرف اس وقت ممکن ہے جب قومی شناختی کارڈ کو اس کی پوری طرح استعمال کیا جائے اورڈیٹا کی ڈپلیکیشن کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام نظاموں کو نائجیریا کے قومی شناختی نظام کے ساتھ جوڑنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے جس سے نائجیریا کی حکومت کو اخراجات میں بچت ہو گی۔نائجیریا کے ہائی کمشنر نے نائجیریا کے لئے ایک مضبوط شناختی نظام تیار کرنے میں نادرا کی جانب سے فراہم کردہ تعاون کو بھی سراہا۔ یہ بتانا مناسب ہے کہ نادرا حکومت پاکستان کے جانب سے نہ صرف نائجیریا بلکہ کینیا سوڈان، فجی، بنگلہ دیش، صومالیہ اور دیگر ملکوں کو بھی جنوب -جنوب تعاون کے جذبے کے تحت ڈیجیٹل شناخت سے متعلق اقدامات میں مدد دے رہا ہے۔