اسلام آباد:وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کا عندیہ دے دیا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سپیکرکے پی اسمبلی کو نوٹیفائی کیا کہ ارکان سے حلف لیں اور اس حلف کے بعد سینیٹ کے الیکشن میں ہونے ہیں لیکن تعجب کی بات ہے کہ سپیکر مان ہی نہیں رہے جب کہ ہمارے وزیراعلیٰ جنہوں نے آئین اور قانون کے مطابق حلف لیا ہے وہ بھی اس معاملے پر اپنے حلف کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ،انہوں نے کہا جب پوری صوبائی حکومت ہی مان نہیں رہی تو پھر معاملات دوسری طرف بھی جاسکتے ہیں،اگر یہی سلسلہ چلتا رہا تو ملک کس طرح آگے چلے گاپھرگورنرراج بھی لگ سکتا ہے۔امیرمقام نے کہا کہ جو رویہ کے پی حکومت نے اپنارکھاہے اس سے صرف صوبے کا نقصان نہیں پورے پاکستان کا نقصان ہورہاہے ، مسئلہ یہ نہیں کہ سینیٹ میں 11ارکان نہیں آئے ،مسئلہ ہے کہ اگر وفاق کا ایک یونٹ یا ایک صوبہ سینیٹ سے باہر ہو توایوان بالا نامکمل ہوگا او ر اس کا مقصد پورا نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اگرحلف نہیں لیناتوپھر یہ فارمولہ ہر جگہ ایک ہونا چاہیے ، وفاق میں الگ اور کے پی میں الگ نہیں ہوناچاہئے ، پنجاب اور وفاق میں وہاں ان کے لوگ ووٹ پول کرتے ہیں اور حلف بھی لیتے ہیں تو پھر کیاخیبرپختونخوا میں نیا آئین اورنیا قانون بنا دیا جائے ،یہ تو کے پی عوام کے ساتھ زیادتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جہاں تک مخصوص نشستوں کا معاملہ ہے توسیاسی نہیں بلکہ آئینی اور قانونی معاملہ ہے ، اس پر وہ الیکشن کمیشن اور پھر عدالتوں میں بھی گئےاور فیصلے لئے ۔
وفاقی وزیر امیر مقام نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کا عندیہ دے دیا








