بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بچہ ماں سے چھین کر بیلجیئم بھیجنے پر وزیر خارجہ کی طلبی کا انتباہ

لاہور ہائیکورٹ میں کمسن بچے کے دستاویزات تبدیل کرکے بیرون ملک لے جانے کے معاملے کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے وزیر داخلہ اور وزیر خارجہ سے رپورٹ طلب کر لی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے رابعہ بی بی کی درخواست پر سماعت کی، سیکرٹری وزرات خارجہ لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔

عدالت نے کہا کہ ہر پیشی پر یہ خواتین آتی ہیں، 3 سال گزر گئے ہیں، اگلی پیشی پر آپ کے وزرا کو بلائیں گے، اس کے بعد وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ رہ جاتے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ ایک سال ہمارا اس طرح سے ضائع کیا گیا کہ ملزم پکڑا گیا ہے، آپ نے بدنام زمانہ لوگ بھرتی کیے ہوئے ہیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ ہر کرپٹ بندہ اہم عہدے پر موجود ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے بیلجیم کے سفیر سے اس حوالے سے کوئی رابطہ کیا ؟

جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ ہم نے اس حوالے سے رابطہ کیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ اگر آپ نے کوئی رابطہ کیا ہے تو کوئی خط دکھائیں۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ ہم یورپ ڈویژن سے بات کر کے منگوا سکتے ہیں۔