خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے گاؤں گیلے تحصیل لوئی ماموند میں بارش کے باعث کمرے کی چھت گر نے سے 2 خواتین جاں بحق جبکہ 2 بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ریسکیو حکام نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 7 افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔
ریسکیو حکام نے کہا کہ اب تک 3 خواتین اور 4 بچوں کو ملبے کے نیچے سے نکال لیا گیا اور
زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرکے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ایک خاتون موقع پر ہی انتقال کر گئیں جبکہ دوسری کی وفات کی تصدیق ڈاکٹروں نے ہسپتال میں کی۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں گرچ چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک 22 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
27 اپریل کو وادی کوئٹہ میں دن بھر موسلا دھار بارش، گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی جس کے نتیجے میں مرکزی سڑکیں اور گلیوں میں پانی بھر گیا۔
سیلابی ریلے میں متعدد مکانات بہہ گئے جس کے باعث مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر ٹریفک بلاک ہوگئی۔








