اسلام آباد(شیراز حسین) وزیرستان سے تعلق رکھنے والے جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما مفتی مصباح الدین نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمان جلد جلسوں کے طرف جا رہے ہیں اور اس حکومت کو سخت ٹائم دیں گے۔ ’’روزنامہ ممتاز‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مفتی مصباح الدین نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ نواز، پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے سینئر رہنمامولانا فضل الرحمان کے پاس آئے تھے اوران سے کہا تھاکہ ہمیں آپ کی ضرورت ہےاس لئے حکومت کا حصہ بن جائیں کیونکہ آپ کے بغیر حکومت نہیں چل سکے گی، بعد ازاں نواز شریف خودبھی مولانا سے ملاقات کرنے کیلئے آئے اور کہا کہ آپ کیوں حکومت کا حصہ نہیں بن رہے ؟ جس پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی اس لئے حکومت کا حصہ نہیں بننا چاہتے ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف سے کہا کہ ہمارے 45سے زیادہ حلقوں میں نتائج کو تبدیل کیا گیا ۔ ایک سوال کے جواب میں مفتی مصباح الدین نے کہا کہ ہمارے قائد مولانا فضل الرحمان جلد جلسوں کاآغازکرنے جا رہے ہیں اور اس حکومت کو سخت ٹائم دینگے، انہوں نے کہا کہ میں نے اسپیکر قومی اسمبلی کو درخواست دی ہے کہ فلور پر ہمیں بھی موقع دیا جائے ،ہم بھی وزیرستان میں لوگوں کو درپیش مسائل پر بات کرنا چاہتے ہیں ، یہ فلور صرف مسلم لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کا نہیں ، ہم بھی اس پارلیمنٹ کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے اوپر خودکش حملے ہوتے رہے ہیں، ان کی جان کو شدید خطرہ ہے،کیا کبھی کسی دوسرے سیاستدانوں پر حملے ہوئے ہیں ؟ میں یہ نہیں کہتا کہ ان پر بھی ایسے حملے ہوں لیکن ہم صرف سوال کرتے ہیں ، یہ کہانی کوئی آج یا کل کی نہیں ہے بلکہ یہ 2008 سے اس کا آغاز ہوا اور یہ بات مولانا نواز شریفسے ملاقات میں کہہ چکے ہیں۔
جلد جلسوں کاآغاز کرنے جا رہے ہیں، حکومت کو سخت ٹائم دیں گے،مفتی مصباح الدین








