اسلام آباد (ممتازنیوز) وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی نے تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارتِ تعلیم ملک بھر میں چار برس کے لیے تعلیمی ایمرجنسی کے نفاذ پر کام کر رہی ہے۔
’’ وائس آف امریکہ‘‘ سے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری تعلیم نے کہاکہ سکول سے باہر بچوں کا مسئلہ صرف تعلیم کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ بڑھتی آبادی، صحت، خزانہ، منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتوں کا مسئلہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہمارے نظام میں مسائل ہیں جس کے سبب دو کروڑ 60 لاکھ بچے مختلف وجوہات کی بنا پر اسکول نہیں جا پا رہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو اس معاملے پر تشویش ہے اور وزیرِ اعظم نے ایک قومی کانفرنس بلانے کا کہا ہے جس میں وہ تعلیمی ایمرجینسی نافذ کرنے کا اعلان کر سکتے ہیں۔
رواں ماہ (اپریل) میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے تعلیمی ایمرجنسی لگانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے بڑی مجرمانہ غفلت نہیں ہو سکتی کہ دو کروڑ 60 لاکھ بچے اور بچیاں اسکول سے باہر ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تعلیمی عدم مساوات کے دیرینہ مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی کا نفاذ ایک اہم قدم ہو گا جس سے مستحق بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے پر توجہ مرکوز ہو سکے گی۔
محی الدین وانی نے بتایا کہ تعلیمی ایمرجنسی کے تحت دو کروڑ 60 لاکھ اسکول سے باہر بچے کی تعداد کو کم کر کے آئندہ پانچ برسوں میں 90 لاکھ تک لانے کا ہدف تجویز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے مختلف مسائل جس میں اسکول نہ ہونے یا دور ہونے، بچوں کی صحت، غربت اور اساتذہ نہ ہونے جیسے مسائل شامل ہیں۔ محی الدین وانی نے کہا کہ ایمرجنسی کے نفاذ میں یہ تجویز کیا گیا ہے کہ وفاق اور صوبوں میں تعلیم کا بجٹ آئندہ پانچ سال میں بڑھا کر جی ڈی پی کا پانچ فی صد تک لے جایا جائے گا اور پسماندہ علاقوں میں وسائل کی تقسیم کو بہتر بنائیں گے۔
واضح رہے کہ تعلیمی ایمرجنسی کے ذریعے اسکول سے باہر بچوں کی تعلیم کے علاوہ وفاق اور صوبوں میں تعلیم کے بجٹ کو بڑھاتے ہوئے، معیاری تعلیمی نظام لا کر شرح خواندگی کو بڑھایا جائے گا۔ ملک کو 62 فی صد کی کم شرح خواندگی کا بھی سامنا ہے جب کہ اسی طرح تعلیم کے شعبے میں حکومت کی جانب سے مجموعی ملکی پیداوار یعنی جی ڈی پی کا صرف 1.7 فی صد بھی تشویش ناک ہے۔ ماہرین کے مطابق پالیسی سازوں کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ تعلیمی اصلاحات کے لیے ایک جامع نقطہ نظر اپنائیں جو اس شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹے۔
ملک میں تعلیمی ایمرجنسی پرکام شروع،وفاقی سیکرٹری تعلیم نے تصدیق کردی








