سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر ہونے والے اجلاس میں صدر آصف زرداری کو سندھ میں سب اچھا ہونے کی رپورٹ دی گئی جبکہ صدر مملکت نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا کوئی خاص سبب نہیں، گاڑیاں اور موبائل چوری ہونے کے بعد کہاں جاتی ہیں پولیس کو معلوم ہونا چاہیئے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی سربراہی میں سندھ میں امن امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں وزیرِداخلہ محسن نقوی، وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ، صوبائی وزیر داخلہ ضیالنجار اور آئی جی غلام نبی میمن، ڈی جی ریِنجرز سندھ ، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں کراچی میں امن و امان کی صورتحال، کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کراچی میں ہونے والے امن و امان کے اجلاس میں صدر آصف زرداری کو سندھ میں سب اچھا ہونے کی رپورٹ دی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی صورتحال میں بہتری آئی، کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن سے امن و امان میں بہتری آئی، صوبے بھر میں امن کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ وقتاً فوقتاً اجلاس ہوتے ہیں۔
ڈی جی رینجرز اور آئی جی پولیس سندھ نے بھی بریفنگ دی دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال کے پہلے چار ماہ میں جرائم کے واقعات میں کمی ہوئی، اسٹریٹ کرائم کے 48 کیسز میں 49 افراد جان کی بازی ہار گئے، 43 ملزمان گرفتار ہوئے، 13 ملزماں مقابلوں میں مارے گئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 2014 میں کراچی عالمی کرائم انڈیکس میں چھٹے نمبر پر تھا، کرائم انڈیکس میں کراچی 2024 میں 82 ویں نمبر پر آگیا، دنیا کے بڑے شہروں کے رینک اینڈ کرائم انڈیکس میں کراچی سے زیادہ جرائم ہیں، اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے سندھ پولیس نے اہم اقدامات کیے۔
صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ دیگر ممالک میں اگر اسٹریٹ کرائم ہے تو ان کے اسباب ہیں، کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا کوئی خاص سبب نہیں، گاڑیاں اور موبائل چوری ہونے کے بعد کہاں جاتی ہیں پولیس کو معلوم ہونا چاہیئے، چوری کا سامان کہاں جاتا ہے ان کے خلاف پولیس کارروائی کرے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کو کچے کے علاقوں میں کارروائیوں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوری تا اپریل 2024 کے دوران 103 افراد کو اغوا کیا گیا، مغویوں میں سے 76 کی رپورٹ ہوئی جبکہ 47 کی دائر نہیں کروائی گئی، پولیس نے 103 مغویوں کو بازیاب کروایا، 20 افراد کی بازیابی کے لیے آپریشن جاری ہے۔
آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن نے بریفنگ میں بتایا کہ پولیس نے 4 ماہ میں 63 ڈاکو مارے اور 120 زخمی ہوئے جبکہ 418 کو گرفتار کیا، مختلف اقسام کے 469 ہتھیار برآمد کیے، آپریشن میں 17 پولیس اہلکاروں نے شہادت نوش کی اور 27 جوان زخمی ہوئے۔
اجلاس سے پہلے صدر زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ملاقات ہوئی، جس میں صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایم کیو ایم کے وفد کی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ملاقات ہوئی جبکہ ایم کیو ایم نے کراچی میں امن قائم کرنے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی
وزیر اعلی ہاؤس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں ایم کیو ایم کے وفد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے علاوہ ڈاکٹر فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال شامل تھے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
ترجمان کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد نے صدر آصف علی زرداری کو دوبارہ صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
ایم کیو ایم وفد نے صدر مملکت آصف زرداری سے کراچی میں امن و امان سے متعلق بات چیت کی۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ سندھ میں امن و امان سے متعلق آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کرنے آئے ہیں، امن و امان کی بحالی میں ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
ترجمان کے مطابق ایم کیو ایم وفد نے اس حوالے سے صدر مملکت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
امن و امان کی صورتحال پر اجلاس: کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی کوئی خاص وجہ نہیں، صدر زرداری








