اسلام آباد(صغیر چوہدری ایڈیٹر رپورٹنگ اینڈانوسٹیگیشن )اسلام آباد پولیس کی وردی ملبوس اہلکار نے ساتھیوں کی مدد سے نوجوان کو اغوا کرلیا ۔ تھانہ گولڑہ میں اغوا اور تشدد کا مقدمہ درج کرلیا گیا تاہم کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ تھانہ گولڑہ کے علاقے موضع سری سرال کے 17 سالہ رہائشی ایاز غفور اعوان نے پولیس کو بیان دیا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب وہ اپنے کزن کے ہمراہ اپنے گھر کے سامنے کھڑا تھا کہ اچانک انکے قریب ایک سفید رنگ کی سوزکی سفٹ گاڑی نمبر SD.438 آکر رکی جس میں سے تین لوگ نکل کر میری طرف آئے جن میں سے ایک نوجوان نے اسلام آباد پولیس کی وردی پہن رکھی تھی جس نے مجھے کہا کہ تھانہ گولڑہ چلو ایس ایچ او بلا رہا ہے میں نے جب وجہ پوچھی تو اور انکے ساتھ جانے سے انکار کیا تو اس اہلکار نے پسٹل نکال لیا اور تشدد کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں کی مدد سے زبردستی گاڑی میں ڈال کر اغوا کرکے لے گئے جبکہ انہوں نے آنکھوں پر سیاہ پٹی باندھ دی اور میرا موبائل بھی چھین لیا اسی اثنا میں وہاں پر موجود میرے کزن نے میرے والد کو اطلاع کی جب والد نے میرے نمبر پر رابطہ کیا تو اسی پولیس والے نے کال پک کرتے کہا کہ آپکا بیٹا اب میری تحویل میں ہے اور خود کو اسلام آباد پولئس کا اہلکار بتاتے ہوئے دھمکی دی کہ اسے زندہ نہیں چھوڑیں گے ۔ والد نے صورت حال کی سنگینی کے پیش نظر فوری طور پر ریسکیو 15 پر اطلاع کی۔ یہ تینوں اغوا کار اس دوران تشدد کرتے رہے کافی دیر گزرنے کے اہلکار اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مجھے شاہ اللہ دتہ قبرستان کے قریب پھینک کر فرار ہو گئے ۔ روزنامہ ممتاز کے رابطہ کرنے پر متاثرہ نوجوان کے والد غفور اعوان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مقامی پولیس نے اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی ٹریس کرلی گئی ہے یہ گاڑی سید خضر عباسی بخاری نامی شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہے جو اسلام آباد پولیس میں بطور کانسٹیبل تعینات ہے یہ پولیس یونیفارم میں اپنے دو ساتھیوں سمیت آیا تھا تمام صورت حال سے مقامی پولیس کو آگاہ کردیا ہے پولیس نے اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی اور اہلکار کے ساتھیوں کا بھی پتا چلا لیا ہے ۔ تاہم ملزمان کی گرفتاری ابھی عمل میں نہیں آئی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو جو اسلحہ ایشو کیا جاتا ہے وہ ڈیوٹی اوقات ختم ہونے پر کوت میں واپس جمع کروانے کی بجائے وہ ساتھ لے جاتے ہیں اور پھر اس سرکاری اسلحے کا ناجائز استعمال کرتے ہیں جس سے ایسے سنگین واقعات جنم لے رہے ہیں کچھ عرصہ قبل بنی گالا کے علاقے میں پولیس اہلکار نے سرکاری رائفل ایس ایم جی سے اپنے دو رشتہ داروں کو قتل کردیا تھا ۔۔ اور اس واقعے کے بعد پولیس اہلکاروں کے اسلحہ گھر ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کی گئی تھی جسے بعد میں نظر انداز کردیا گیا ۔









