اسلام آباد(ممتازنیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی گلوبل ڈویلپمنٹ ڈویثرن اور پولیو اوورسائٹ بورڈ (Polio Oversight Board) کے صدر ڈاکٹر کرسٹوفر ایلائییس کی زیر سربراہی عالمی انسداد پولیو اقدام (Global Polio Eradication Initiative) کے وفد نے ملاقات کی،وزیراعظم نے وفد سے گفتگو میں کہاکہ پولیو ایک موذی مرض ہے اور اس کے پاکستان سے مکمل خاتمے کے لیے ہم پر عزم ہیں،انسداد پولیو مہم میں شامل تمام اداروں کا احتساب اور اس عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا،وزیراعظم نے وزارت اطلاعات و نشریات کو عالمی انسداد پولیو اقدام کے ساتھ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے ایک مشترکہ ہمہ گیر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی اوراس عزم کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والی ویکسینیشن ٹیمز کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا، عالمی اقتصادی فورم کے دوران سعودی عرب کی جانب سے عالمی انسداد پولیو اقدام کے لیے 500 میلین ڈالر کے عطیے کا اعلان خوش آئیند ہے،ہم انشاء اللہ بہت جلد عالمی شراکت داروں کے تعاون اور ملکی اداروں کی انتھک محنت سے پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوں گے،خطے سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پاکستان اور افغانستان میں تعاون ہونا ضروری ہے،وفد نے وزیراعظم کو پاکستان میں انسداد پولیو کے حوالے سے جاری اقدامات پر پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے پولیو کے لیے حکومت پاکستان کے عزم پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا،وفد نے وزیراعظم کو پاکستان میں پولیو کی امیونائیزیشن کے اقدامات میں درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔وفد نے کہاکہ پاکستان میں پولیو کے موزی مرض کے مکمل خاتمے کے لیے ضروری تکنیکی مہارت اور قومی اور حکومتی سطح پر اس مہم کو کامیاب کرنے کا عزم موجود ہے،ڈاکٹر کرسٹوفرنے وزیراعظم کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ بل گیٹس آپ کے پنجاب کے دور وزارت اعلیٰ میں انسداد پولیو کے لیے لیے گئے اقدامات سے بے حد متاثر ہیں،وفد نے وزیراعظم کو پاکستان میں انسداد پولیو کے حوالے سے جاری اقدامات پر پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا،وفد میں ریجنل ڈائریکٹر عالمی ادارہ صحت ایمرو ریجن (EMRO) ڈاکٹر حنان بلخی، جنوبی ایشیاء کیلئے ریجنل ڈائریکٹر یونیسیف سنجے ویجیسیکرا، سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے پولیو برانچ چیف ڈاکٹر اوموٹایو بولو، پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹر لؤو ڈاپینگ، پاکستان میں یونیسیف کے نمائندے عبداللہ فاضل، عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر انسداد پولیو، ڈاکٹر حامد جعفری اور ڈپٹی ڈائریکٹر پولیو بل اینڈ ملانڈہ گیٹ فاونڈیشن مائیکل گیلوے شامل تھے۔ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت مختار ملک اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔
پولیو ایک موذی مرض ہے اور اس کے پاکستان سے مکمل خاتمے کے لیے ہم پر عزم ہیں،وزیراعظم








