بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی آر اے کاملک میں آزادی اظہار رائے اور میڈیا ورکرز کی معاشی آزادیوں کو سلب کرنے پر تشویش کااظہار

اسلام آباد(ممتازنیوز)پارلیمنٹری رپورٹرزایسوسی ایشن(  پی آر اے) پاکستان نے عالمی یوم صحافت کے موقع پر ملک میں آزادی اظہار رائے اور میڈیا ورکرز کی معاشی آزادیوں کو سلب کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پی آر اے پاکستان کی قیادت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں صحافتی معیار سے متعلق ایک رپورٹ میں بھی واضح کیا گیا ہے کہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران آن لائن پلیٹ فارمز پر اختلافِ رائے کے لیے برداشت میں کمی، رواں سال عام انتخابات کے موقع پر موبائل نیٹ ورک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی معطلی اور صحافیوں کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کی شکایات عام رہی ہیں۔ عالمی یومِ صحافت کی مناسبت سے جاری رپورٹ میں مئی 2023 سے اپریل 2024 کے دوران پیش آنے والے حالات و واقعات کے تناظر میں آزادیٔ اظہار کو درپیش خطرات کا احاطہ کیا ہے۔پی آر اے پاکستان سمجھتی ہے کہ مذکورہ عرصے کے دوران پاکستان میں مبینہ طور پر ریاستی جبر اور غیر ریاستی عناصر کی طرف سے کی جانے والی مبینہ کارروائیوں کے باعث پاکستان میں میڈیا کی آزادی کو دھچکا پہنچا ہے۔ گزشتہ ایک برس کے دوران پاکستان میں چار صحافی اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ قتل ہونے والے صحافیوں میں سے دو کا تعلق سندھ اور دو کا پنجاب سے تھا۔ اس عرصے کے دوران صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے خلاف مختلف نوعیت کے 104 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور اس ضمن میں انصاف کی عدم فراہمی بھی باعث تشویش ہے. ۔عام شہری اور سیاسی جماعتوں کے نمائندے بھی اپنی آرا کا آزادانہ اظہار نہیں کر پارہے ہیں اور آن لائن پلیٹ فارمز اور میڈیا پر بھی قدغنیں عائد کی جا رہی ہیں جن سے آزادیٔ اظہار کے لیے آئینی ضمانت کی نفی ہوتی ہے.صحافیوں کی پارلیمانی تنظیم کے خیال میں تاریخ پاکستان میں شہریوں کو آئین کے تحت حاصل آزادئ اظہار کا قانونی حق روز بروز سکڑتا جارہا ہے۔کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرنے والوں کو کئی طرح کی پابندیوں اور مقدمات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو ایک انتہائی قابلِ تشویش بات ہے۔پاکستان میں آزادیٔ صحافت کی تشویشناک صورتحال میں آزادی اظہارِ رائے کے لیے صحافتی تنظیموں اور سول سوسائٹی کو ملکر آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔اس مقصد کے لئے تمام صحافتی تنظیموں کو اپنے اختلافات سے بلند ہو کر جدوجہد کرنی چاہیے۔پی آر اے پاکستان نے حکومت کے ای سیفٹی بل اور پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان بلوں کے تحت سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مواد پوسٹ کرنے پر سزا دینے لیے علیحدہ ادارے قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔تاہم پی آ اے سمجھتی ہے کہ میڈیا سے متعلق’قانون سازی پر بحث ہونی چاہیے‘اور آزادئ اظہار کے ساتھ سوشل میڈیا پر ڈیجیٹل رائٹس اور صارفین کے حقوق کا تحفظ بھی ضروری ہے۔پی آر اے قیادت سمجھتی ہے کہ ڈیجیٹل حقوق کے تحفظ اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کی روک تھام ناگزیر ہے.تاہم اگر حکومت سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کے لیے کوئی قانون سازی کرنا چاہتی ہے تو اس پر کھلی بحث ہونی چاہیے. کیونکہ قانون عوام کے لیے ہوتے ہیں۔ اس لیے ان کے بارے میں عوام کی رائے جاننا ضروری ہے۔ ساتھ ہی عوام کو یہ جاننے کا بھی پورا حق حاصل ہے کہ کن قوانین سے ان کے حقوق کا تحفظ ہوگا اور کن سے انہیں خطرات درپیش ہوں گے۔ پی آر اے قیادت کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر غیر اعلانیہ پابندی کے بارے میں بھی واضح ہونا چاہیے کہ اگر کوئی قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جاسکتی ہے۔ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ایک پلیٹ فارم کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے۔ پی آر اے ایکس پر پابندی کو صحافیوں کے لیے کام کرنا مشکل بنانے کا زریعہ قرار دیتی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ ان اقدامات سے عوام کی معلومات تک رسائی بھی متاثر ہو رہی ہے.پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان حکومت اور زمہ دارا اداروں سے درخواست کرتی ہے کہ میڈیا کی حقیقی آزادی کو یقینی بنانے کےساتھ ساتھ ورکرز کے معاشی حقوق کا بھی مکمل خیال رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور جو میڈیا مالکان اپنی وررکز کا معاشی استحصال کر رہے ہیں وہ اپنا قبلہ درست کر لیں ورنہ پی آر اے اپنے صحافی برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور اپنا حق لینے کے لئے ہر قسم کا فورم احتجاج کے لئے استعمال کرے گی۔