بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارتی عطیہ کردہ 3 طیارے اُڑانے کیلئے ہمارے پاس پائلٹ موجود نہیں: مالدیپ کے وزیرِ دفاع کا اعتراف

مالدیپ کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ بھارتی عطیہ کردہ تین طیارے اُڑانے کے لیے ہمارے پاس اب بھی پائلٹ موجود نہیں ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مالدیپ کے صدر محمد معیزو کے حکم پر 76 بھارتی دفاعی اہلکاروں کے مالدیپ چھوڑ جانے کے بعد وزیر دفاع غسان مامون نے اعتراف کیا ہے کہ مالدیپ کی فوج کے پاس اب بھی ایسے پائلٹ موجود نہیں ہیں جو بھارت کی جانب سے دیئے گئے تین طیاروں کو چلا سکیں۔

مالدیپ وزیر دفاع غسان مامون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ معاہدے کے تحت مالدیپ نیشنل ڈیفنس فورس کے کچھ فوجیوں نے انہیں اڑانے کی تربیت شروع کر دی تھی تاہم وہ اپنی تربیت مکمل نہیں کر پائے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس تربیت کے لیے فوجیوں کو مختلف مراحل سے گزرنا ہوتا ہے لیکن مختلف وجوہات کی بِنا پر وہ اس تربیت کو مکمل نہیں کر پائے۔ اس لیے اب ہمارے پاس ان 2 ہیلی کاپٹرز اور ڈورنیئر کو اڑانے کے لیے لائسنس یافتہ فوجی اہلکار موجود نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ مالدیپ اور بھارت کے درمیان تعلقات اس وقت شدید تناؤ کا شکار ہوگئے جب مالدیپ کے صدر محمد معیزو نے بھارتی افواج کو 10 مئی تک جزیرہ چھوڑنے کا الٹی میٹم دیا تھا۔