پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹرگوہر نے کہا ہے کہ امید ہے حق ملے گا، امید ہے سپریم کورٹ آئین کی روح کے مطابق چلے گی۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے کہا کہ الیکشن میں 180 سیٹیں جیت چکے تھے، ہمیں ہماری مخصوص نشستیں دی جائیں، ہمارے امیدواروں نے سنی اتحاد کونسل کو جوائن کیا۔
بیرسٹرگوہر نے مزید کہا کہ یہ 78 نشستیں سنی اتحاد کونسل کا حق ہے، امید ہے حق ملے گا، امید ہے سپریم کورٹ آئین کی روح کے مطابق چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری قومی اسمبلی میں91 اورصوبائی میں 107 نشستیں تھی۔
فیصل جاوید
پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جیل جانے سے پہلے جو جو بات کی وہ صحیح ثابت ہوئیں، توشہ خانہ، سائفر اور القادر کوئی بھی کیس ہو وہ صحیح ثابت ہوئے، انہوں نے کہا تھا کہ یہ جومرضی کرلیں الیکشن میں قوم نکلے گی۔
فیصل جاوید نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر مقدمات کی ڈبل سینچری ہوئی ہے، ان پر ایک بھی مقدمہ ٹھیک نہیں تمام بوگس ہیں، آج بھی وہ دو مقدمات میں بری ہوئے، ان کا مؤقف واضح ہے کہ انصاف ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں ووٹر کی منشا کے مطابق فیصلہ ہوتا ہے، آزاد انتخاب سے ہی جمہوریت آسکتی ہے، فارم 47 درمیان میں آیا، پھر مخصوص نشستیں نہیں دی گئیں اور نتائج تبدیل کر دیے گئے، پہلے امیدوار ووٹرز کو ڈھونڈتے تھے، اس بار ووٹرزامیدواروں کو ڈھونڈتے رہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ اقلیتوں کا حق تو یہ ہے کہ جس کو عوام نے ووٹ دیا وہ اسمبلی پہنچے، یہ جہاں خالی نشست دیکھتے ہیں ان کے منہ میں پانی آجاتا ہے۔
عامر ڈوگر
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما عامرڈوگر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے نظریے پر لوگوں نے ووٹ دیے۔
کنول شوزب
پی ٹی آئی رہنما کنول شوزب نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی غلطیوں کو آج عدالت میں اجاگر کیا گیا، آج کی سماعت سےہمیں کافی حوصلہ ملا ہے، پی ٹی آئی نے بطور سیاسی جماعت تمام قانونی تقاضے پورے کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوائے پنجاب الیکشن کمیشن کے تمام صوبوں نے ہماری مخصوص فہرست لی، پنجاب الیکشن کمیشن بلے کا نشان لینے کے فیصلے کا انتظار کرتا رہا، ہم نے کدو، بینگن، ہری مرچ جیسے نشانوں پر الیکشن لڑا ہے۔









