بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عرفان صدیقی سینیٹ میں قائمہ کمیٹی خارجہ امور کے چیئرمین منتخب

اسلام آباد(وقائع نگار)مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی کو سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا، تحریک انصاف کے کمیٹی کے ممبران نے مخالفت میں ووٹ کی بجائے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ تفصیلات کے مطابق کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سینیٹر شیری رحمان اور سینیٹرافنان اللہ نے عرفان صدیقی کا نامزد کیا،رانا محمود الحسن اور عطاالرحمان نے عرفان صدیقی کے نام کی حمایت کی ۔اجلاس میں شیری رحمان ، افنا ن اللہ ،محمود الحسن، پی ٹی آئی کے علی ظفرشریک ہوئے ، اجلاس میں عرفان صدیقی کو سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا گیا۔ بعدازاں سینیٹر عرفان صدیقی نے کمیٹی کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام ممبران کو ساتھ لیکر چلیں گے ، پاکستان کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے اہم چیزیں ہیں اس حوالے سے دفتر خارجہ سے بریفنگ لیں گے اور ایسی تجاویز دی جائیں گی جو ملک کے وسیع ترمفاد میں ہوں گی ۔ بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ میں ذاتی طور پر عرفان صدیقی کا بہت احترام کرتا ہوں لیکن پی ٹی آئی کا ایک اصولی موقف ہے کہ احتساب کرنے والی کمیٹیاں حکومت کو نہ دی جائیں بلکہ پی ٹی آئی کو دی جائیں اس لئے میں ووٹنگ میں حصہ نہیں لے رہا اور اگر پارٹی پالیسی نہ ہوتی تو میں عرفان صدیقی کو ووٹ بھی دیتا۔سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ کمیٹی تھنک ٹینک کا کردارادا کرے گی اور حکومت کو ایسی تجاویز دی جائیں گی جس سے ملک کی خارجہ پالیسی کو مزید موثر اور بہتر بنایا جاسکے ۔