بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومتی وضاحت پر آپریشن عزم استحکام بارے غلط فہمیاں دور

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے آپریشن عزم استحکام کے بارے میں وفاقی حکومت غلط فہمی اور غلط تاثر دورکرنے کیلئے میدان میں اترآئی ہے اور یہ بات واضح کردی گئی ہے کہ یہ آپریشن ماضی کے دوفوجی آپریشنز سے مختلف ہوگا،وفاقی کابینہ سے اس کی منظورہوگئی ہے اب بجٹ کی منظور کے بعد پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کااجلاس بلاکرتمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا مرحلہ باقی رہ گیاہے ،وزیراعظم ہاوس نے اس ضمن میں ایک تفصیلی وضاحت جاری کردی ہے جس کیبعد یہ تاثر کم ہو ا ہیکہ اس آپریشن کے نتیجے میں بڑے پیمانے میں مقامی لوگوں کی نقل مکانی ہوگی اورانٹیلی جنس بیسڈآپریشن کو مزید وسعت دینے کے علاوہ یہ فیصلہ بھی ہواہے کہ صوبائی حکومتیں اور سی ٹی دی فوج اور وفاقی انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ کوآرڈی نیشن کو مزید بہتربنائیں گے جس کیبعد دہشتگردوں کو قابو کرنے میں حکومت کو آسانی ہوگی ،اس کے لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ تما م سیاسی جماعتوں کو آن بورڈ لیاجائے اور ان کے تحفظات دور کئے جائیں بالخصوص تحریک انصاف کے اندر یہ سوچ پائی جارہی ہیکہ یہ آپریشن ان کے خلاف ہورہاہے اس تاثر کو ختم کرناضرور ی ہے کیونکہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصا ف کی حکومت ہے اور اس کے تعاون کے بغیرآپریشن کامیاب بنانے میں مشکلات درپیش ہوں گی ،علی امین گنڈاپورکرقائل کرنے کے لئے وزیرداخلہ محسن نقوی کو فوری طور پر پشاور بجھوایاجائے تاکہ علی امین گنڈاپوراس کی مخالفت نہ کریں ،دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی وزیرامورکشمیراور مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے صدر انجینئرامیرمقام کے پرزورمطالبے پر سابق فاٹااور پاٹاکے علاقوں میں ٹیکس کی چھوٹ مزید ایک سال بڑھانے کی منظوری دے دی ہے پی ڈی ایم حکومت کے دور میں بھی امیرمقام نے ایک سال ٹیکس کی چھوٹ دلوائی تھی اور اب 2025 تک ان علاقوں کے عوام کو اس وجہ سے ٹیکس چھوٹ دی گئی ہے کہ وہاں حالات ٹھیک نہیں ہیں اور کاروباری معاملات بھی ٹھیک نہیں چل رہے ،امیر مقام نے اس ضمن میں وزیراعظم شہبازشریف اور وزیرخزنہ سینیٹر محمداورنگزیب کاشکریہ اداکیا،حیران کن بات یہ ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں جب امیرمقام نے اس اہم عوامی مسئلے کو اٹھایاتو صرف وزیراعظم کے مشیر راناثناء اللہ نے ان کا بھرپورساتھ دیااور باقی وزراء خاموش رہے،وزیراعظم نے کابینہ میں واضح کیاکہ آئی ایم ایف کی وجہ سے ٹیکس چھوٹ دینے میں مشکلات ہیں لیکن امیر مقام کے مطالبے اور عوامی مشکلات کے ازالے کے لئے ایک سال کی چھوٹ دی جارہی ہے ،علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اہم خطاب کیا،انہوں نے اپنے خطاب میں آج اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کو نشانہ نہیں بنایااور اپوزیشن کے ارکان نے خاموشی سے تقریرسنی ،کوئی ہنگامہ نہیں کیا،بلاول بھٹو کا یہ مطالبہ درست اور جائز ہے کہ نیب کاخاتمہ کیاجائے کیونکہ نیب کوہمیشہ سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیاگیا،تحریک انصاف کا دورہو،پرویزمشرف کا،ن لیگ کا سابقہ یا موجودہ دور ہونیب کسی نہ کسی طرح سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیوں کے لئے استعمال ہوتارہانیب سے نوازشریف ،آصف زرداری ،یوسف رضاگیلانی اور دیگرسیاسی رہنماوں کو جوسزائیں ہوئیں وہ ہائیکورٹ نے ختم کردیں اور ابھی حال ہی میں تحریک انصاف کے ایک رہنما اور سابق مشیراحتساب شہزاداکبرنے اس بات کا اعتراف کیاکہ شاہدخاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور احسن اقبال کے خلاف پی ٹی آئی دورمیں جھوٹے مقدمات بنائے گئے اور یہ مقدمات سابق اسٹیبلشمنٹ کے دباو پر بنائے تھے اور انہوں نے اس کی مخالفت کی تھی جس سے شاہدخاقان عباسی کا یہ موقف درست ثابت ہوتا ہے کہ نیب کو ختم کرکے یہ کام ایف آئی اے کے سپردکیاجاناچاہئے۔