اسلام آباد:عوام پاکستان پارٹی کے کنونیئر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی جماعتوں نے اقتدار کے لیے اصولوں پر کمپرومائز کرلیا ہے، مسلم لیگ ن ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ سے ہر قیمت پر اقتدار کے حصول کی طرف آگئی، اس لیے میں ان کے ساتھ مزید نہیں چل سکتا تھا۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ملکی مسائل کے حل کے لیے سیاستدانوں کو مل بیٹھنا ہوگا، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں سب کو آئین کے مطابق چلنا ہوگا، وزیراعظم آرمی چیف کے ماتحت نہیں ہوسکتا، ہمارے پاس پاکستان کے تمام مسائل کا حل موجود ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ نئی سیاسی جماعت کا نام مسلم لیگ رکھیں لیں اور آگے اے بی سی کچھ بھی لگا لیں مگر میں نے اس سے اختلاف کیاکہ پہلے بھی ایسی بہت سی پارٹیاں ہیں جو کچھ نہیں کرسکی۔
انہوں نے کہاکہ مفتاح اسماعیل ہماری سیاسی جماعت کا حصہ ہیں جبکہ مصطفیٰ نواز کھوکھر جلد ہمارے قافلے میں شامل ہو جائیں گے، انہوں نے کچھ وقت لیا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ فواد حسن فواد کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیں گے، اس کے علاوہ ہم صوبوں میں جاکر عوام کو اپنا ویژن بتائیں گے، یہ سفر اتنا آسان نہیں بہت کٹھن ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ ہمارے سیاسی سفر کا حصہ بننے والا کسی بھی جماعت سے ہو اس پر اعتراض نہیں، ہمیں نظام کی اصلاح کرنا ہوگی اور انصاف کے نظام کو بدلنا ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حالیہ عام انتخابات کی شفافیت کے حوالے سے تمام پولنگ اسٹیشنز کے پریذائیڈنگ افسران کو بلا کر پوچھا جائے، عدلیہ کو چاہیے کہ سارے حلقوں کو اوپن کرے۔
انہوں نے کہاکہ فارم 45 اور 47 والا معاملہ میرے ساتھ ہوچکا ہے، بعد میں تھیلوں سے بھی ریکارڈ کے مطابق ہی ووٹ نکل آتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت 2 کروڑ 60 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں جن کے لیے بجٹ میں کوئی پیسا نہیں رکھا گیا، ہمیں شرح خواندگی میں اضافے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ غیرمعمولی حالات میں غیرمعمولی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ سیاست میں پیسے کی اہمیت کو ختم کرنا ہوگا۔
موجودہ سیاسی جماعتوں نے اقتدار کے لیے اصولوں پر کمپرومائز کرلیا، شاہد خاقان عباسی








