اسلام آباد(طارق محمود سمیر) الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد شروع کردیا ہے اور 39ایسے اراکین جنہوںنے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت اپنی وابستگی پاکستان تحریک انصاف سے ظاہر کی تھی انہیں پی ٹی آئی کا ممبر تسلیم کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر کے ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیا گیا ہے جبکہ 41 ایسے آزاد ارکان جنہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے مرحلے پر پارٹی وابستگی ظاہر نہیں کی تھی ان کے بارے میں سپریم کورٹ سے وضاحت کیلئے رجوع کر لیا گیا ہے ،12جولائی کو سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے میں یہ مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کی بجائے پاکستان تحریک انصاف کو دینے کا فیصلہ جاری کیا گیا ، بینچ کے 8 ارکان نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دیا جبکہ پانچ ارکان نے فیصلے سے اختلاف کیا ، یہ فیصلہ آنے کے بعد ملک میں سیاسی بحران میں اضافہ ہوا، حکمران اتحاد اور اسٹیبلشمنٹ نے اس عدالتی فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا ، وفاقی وزراء اور پیپلزپارٹی نے عدالتی فیصلے کو آئینی کی بجائے سیاسی فیصلہ قراردیا اور یہ کہا گیا کہ تحریک انصاف تو اس کیس میں فریق نہیں تھی اور بن مانگے پی ٹی آئی کو غیر آئینی طریقے سے یہ نشستیں دی گئی ہیں ، فیصلے پر عمل درآمد کیلئے الیکشن کمیشن کو 15دن کا وقت دیا گیا تھا ، الیکشن کمیشن کے حوالے سے بھی یہ قیاس آرائیاں کی جاتی رہی ہیں کہ وہ اس فیصلے پر عمل نہیں کرے گا اور رکاوٹیں کھڑی کی جائیں گی تاہم الیکشن کمیشن کی لیگل ٹیم نے جو رائے دی اس پر عمل کیا گیا ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر پچاس فیصد آج عمل کردیا گیا ہے ، 41 نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ سے رائے مانگی گئی ہے اور الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ فیصلے میں یہ کہا گیا تھا کہ یہ آزاد ارکان پی ٹی آئی سے وابستگی ظاہر کر کے الیکشن کمیشن کوآگاہ کریں گے لیکن قانونی اور آئینی معاملہ یہ ہے کہ الیکشن کمیشن کے ریکارڈ میں کوئی پارٹی اسٹریکچر موجود نہیں ہے ، بیرسٹر گوہر ہمارے ریکارڈ کے مطابق پارٹی کے چیئرمین نہیں ہیں تو ایسی صورت میں ان آزاد ارکان کی پارٹی وابستگی کیسے کنفرم ہوگی ، سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں یہ لکھا تھا کہ اس پر عمل درآمد میں الیکشن کمیشن کو اگر کوئی مسئلہ ہو تو وہ عدالت سے رجوع کرسکتا ہے ،اس عدالتی فیصلے کے بعد حکومت نے تحریک انصاف پر ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات پر پابندی عائد کرنے کا اعلان بھی کر رکھا ہے تاہم اس حوالے سے ن لیگ کی اتحادی جماعتوں نے ابھی تک کوئی اتفاق نہیں کیا اور یہ معاملہ زیر التوا ہے ، تحریک انصاف کو اس عدالتی فیصلے سے بہت فائدہ پہنچا ہے ، فیصل واوڈا ہوں یا دیگر چند حکومتی ارکان وہ اب بھی یہ تاثر دے رہے ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں ہوگا کیونکہ پارلیمنٹ کے امور میں عدالت مداخلت نہیں کرسکتی اور اسپیکر اپنے آئینی اختیارات استعما ل کریں گے کیونکہ جب الیکشن کمیشن اور پشاور ہائیکورٹ نے یہ نشستیں سنی اتحاد کونسل کی بجائے ن لیگ ، پیپلزپارٹی ، جے یوآئی ، اے این پی اور دیگر جماعتوں کو دی تھیں تو خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلانے سے انکار کیا اور ارکان سے حلف نہیں لیا جس کی وجہ سے ابھی تک کے پی کے میں سینیٹ کے الیکشن زیر التوا ہیں اور حلف نہ لینے کے معاملے میں جب مختلف جماعتوں نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا تو اسپیکر نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ اسمبلی کے امور میں عدالتیں مداخلت نہیں کرسکتیں اور اس بات کا اب امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق اپنا آئینی کردارادا کریں گے اور تحریک انصاف کو دی گئی مخصوص نشستوں کے ارکان سے حلف لینے کے معاملے میں عجلت کا مظاہرہ نہیں کریں گے جتنا ممکن ہوسکا اس معاملے کو لٹکایا جائے گادیکھتے ہیں آئندہ چند روز میں اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا۔
مخصوص نشستیں ، سپیکر قومی اسمبلی آئینی کردارادا کرینگے؟








