بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بات ہوگئی ،بڑے بھائی کے بعد چھوٹے بھائی کوعدلیہ اقتدار سے محروم کرے گی

اسلام آباد(طارق محمود سمیر) جماعت اسلامی کی طرف سے بجلی کے بلوں اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف دھرنا کئی حوالوں سے کامیاب ثابت ہوگیا ہے کیونکہ حکومت نے اسلام آباد میں جگہ جگہ کنٹینر لگا کر اتنی رکاوٹیں کھڑی کردیں کہ اب یہ دھرنا ایک نہیں تین مقامات پر دیا گیا ،گوکہ حکومت نے دھرنے کے شرکاء سے مذاکرات کیلئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ ، وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام اور ن لیگ کے چیف ویب ڈاکٹر طارق فضل پر مشتمل تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے ، ریڈزون ہو یا یا اسلام آباد میں دیگر شاہراہیں وہاں کنٹینر لگانے کا بظاہر مقصد تو سکیورٹی بتایا گیا ہے لیکن اس سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ابھی چند روز قبل ہی فیض آباد میں اسرائیلی مظالم اور فلسطین کے مسئلے پر ملی بھگت سے ایک دھرنا دیا گیا، نہ راولپنڈی انتظامیہ نے کوئی رکاوٹ ڈالی اور نہ ہی اسلام آباد پولیس نے دھرنے کے شرکاء کیلئے کوئی مسئلہ پیدا کیا، کئی روز فیض آباد بند رہا ،شہریوں کو مشکلات درپیش رہیں اور عام تاثر یہی پیدا ہوا کہ اس مذہبی تنظیم نے حکومتی ملی بھگت سے یہ دھرنا دیا، اب جماعت اسلامی نے عوام کے دو بنیادی اور اہم مسائل بجلی کے بل اور مہنگائی پر احتجاج کا فیصلہ کیا جو ان کا آئینی اور جمہوری حق ہے ، جماعت اسلامی پاکستان کی ایک منظم سیاسی ومذہبی جماعت کے طور پر مانی جاتی ہے گوکہ عام انتخابات میں حالیہ دو تین الیکشنز میں جماعت اسلامی کو زیادہ نشستیں نہیں ملیں مگر احتجاجی تحریک ہو یا عوامی مسائل انہیں اجاگر کرنے میں جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان خاصا عبور رکھتے ہیں ،کراچی میں انہوں نے جماعت اسلامی کو دوبارہ زندہ کیا جس کے نتیجے میں بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی نے نمایاں کامیابی حاصل کی تھی ، آج کل پیپلز پارٹی بعض رہنما یہ طعنہ دیتے رہے ہیں کہ ن لیگ فارم 47کی پیداوار ہے ،انہیں یہ طعنہ دینے سیقبل یہ سوچنا چاہیے کہ بلدیاتی انتخابات میں کراچی میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے اکثریت حاصل کی تھی اور اصل فارم 47پر عمل کرتے ہوئے اقلیت میں ہوتے ہوئے پیپلزپارٹی نے اپنے امیدوار مرتضیٰ وہاب کو کیسے میئر منتخب کرایا یہ بھی جمہوری تاریخ کا ایک انوکھا واقعہ ہے ، بجلی کے بلوں کا اتنا سنگین مسئلہ ہے کہ نوازشریف ہوں یا مریم نواز یا اپوزیشن رہنما سب ہی یہ کہہ رہے ہیں کہ بل زیادہ ہیں لیکن بلوں میں کمی لانے کا کوئی قابل عمل فارمولہ پیش نہیں کیا جارہا صرف سابق نگران وفاقی وزیر اعجاز گوہر نے بعض اہم دستاویزات اور اعداد وشمار کی روشنی میں آئی پی پیز کے معاہدوں کو بے نقاب کیا ہے ، آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے اور جن پاکستانی سرمایہ کیساتھ یہ معاہدے کئے گئے ہیں انہیں قابو کرنا اتنا مشکل نہیں ہے صرف چلےپر بلالیا جائے تو یہ مسئلہ حل ہوسکتا ہے ۔ دوسری جانب اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان یہ پیغام دے رہیں کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نیوٹرل ہوجائیں تاکہ ملک کو صحیح سمت میں آگے لے جایاجاسکے ، عمر ایوب نے تو یہاں تک کہہ دیا ہے کہ اکتوبر کے بعد تبدیلی آئے گی اور دسمبر تک الیکشن ہوں گے ، جہاں تک نیوٹرل رہنے کی بات ہے تو جب 2022میں پی ڈی ایم عدم اعتماد کی تحریک پیش کی اور سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نیوٹرل ہوگئے تو عمران خان نے انہیں میر جعفر اور میر صادق کا خطاب دیا ، آرمی چیف سے نیوٹرل ہونے کا مطالبہ کرنے سے قبل تحریک انصاف کو اپنے طرز سیاست پر بھی نظر ثانی کرنی ہوگی اور سب سے اہم مسئلہ 9مئی کا ہے ، 9 مئی کے معاملے پر اگر عمران خان کھل کر معافی مانگ لیں تو پھر ہی کوئی راستہ بن سکتا ہے ، ن لیگ کے رہنما راناثنائاللہ یہ کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے بعض رہنما نجی محفلوں میں یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ ان کی بات ہوگئی ہے دسمبر میں الیکشن ہیں ، ہمیں عمر ایوب کی بات کو سنجیدگی سے لینا ہوگا ،جہاں تک اس بات کا تعلق ہے کہ بات ہوگئی ہے کہ واضح نہیں کہ کن سے بات ہوئی ہے ، در پردہ پی ٹی آئی کی اسٹیبلشمنٹ سے کوئی بات ہورہی ہے یا یہ اشارہ عدلیہ کی طرف ہے کیونکہ اسٹیبلشمنٹ سے ابھی تک پی ٹی آئی کے معاملات درست نہیں ہوئے البتہ عدلیہ سے روزانہ کی بنیاد پر عمران خان کو ریلیف ہی ریلیف مل رہا ہے ، ویسے 2014کے دھرنے کے موقع پر مخدوم جاوید ہاشمی نے یہ انکشاف کیا تھا کہ عمران خان نے پارٹی میٹنگ میں یہ اعلان کیا تھا کہ عدلیہ سے بات ہوگئی ہے اور عدلیہ ہی نوازشریف کو اقتدار سے باہر نکالے گی اور پھر 2017میں ایسا ہی ہوا، کیا اب بھی کوئی ایسی صورتحال بن رہی ہے کہ بڑے بھائی کے بعد چھوٹے بھائی کو بھی عدلیہ کے ذریعے اقتدار سے نکالا جائے گا یہ تو آنے والا وقت ہی بتاسکتا ہے دعوے تو ہر طرح کے کئے جا رہے ہیں ۔