بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران خان بہادر بنیں اور کہہ دیں میں نے پارٹی کو فوج سے لڑایا، عرفان صدیقی

اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کے حضور عرضیاں دینے والے بانی پی ٹی آئی بہادر بنیں، اگر ان کے اعصاب جواب دے گئے ہیں تو بانی پی ٹی آئی پورا سچ بھی اگل دیں اور کہہ ڈالیں کہ ہاں پی ٹی آئی کو فوج سے میں نے لڑایا ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں سینیٹر عرفان صدیقی نے لکھا کہ بانی پی ٹی آئی کہہ دیں کہ جنرل عاصم منیر کی تقرری روکنے کے لیے پنڈی پر یلغار انہوں نے کی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سپہ سالار پر کبھی خود پر اور کبھی بیگم پر قاتلانہ حملوں کے الزامات لگائے، 9 مئی کو عاصم منیر کا تختہ الٹنے کے لیے فوج میں بغاوت کی سازش انہوں نے کی۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کہہ دیں کہ دو سو سے زیادہ فوجی تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں پر حملے انہوں نے کرائے، بانی پی ٹی آئی کہہ ڈالیں کہ فضائیہ کے طیارے انہوں نے جلائے، ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا کا مضحکہ انہوں نے اڑایا۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کہہ ڈالیں کہ جنرل معاصم منیر کو اس عہد کا یحیٰ خان باور کرانے والی ویڈیو انہوں نے بنوائی، جیل میں بیٹھ کر فوج اور آرمی چیف کے خلاف مضمون میں انہوں نے لکھے، بیرون ملک اپنی فوج اور اس کے چیف کے خلاف بسوں پر اشتہاری مہم انہوں نے چلوائی۔
سینئر رہنما نے کہا کہ عمران خان کو اب الزامات دوسروں پر نہیں تھوپنے چاہییں۔