آزاد کشمیر میں چوری شدہ سامان برآمدگی کے دوران پولیس حراست میں ملزم نے مبینہ طور پر اپنی جان لے لی۔
واقعہ باغ کے نواحی علاقہ موہری فرمان شاہ میں پیش آیا، جہاں چوری کے کیس میں گرفتار ملزم کو گھر کے لاکر سے چوری شدہ سامان کی برآمدگی کے لیے لے جایا گیا، اس دوران پولیس حراست میں ملزم نے پستول سے مبینہ طور پر اپنے سر پر گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
ہلاک ہونے والے زیر حراست ملزم کی شناخت سدھیر کے نام سے ہوئی جو چھو ضلع حویلی کا رہائشی ہے۔ زخمی ہونے کے بعد اسے ڈسٹرکٹ اسپتال باغ لایا گیا جہاں اسکی موت واقع ہوگئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق متوفی سدھیر چوری کی ایف آئی آر میں تھانہ داتوٹ پولیس کی حراست میں تھا۔ ملزم سدھیر داتوٹ میں کافی عرصہ سے کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھا۔
واقعہ کے بعد پولیس نے فائرنگ میں استعمال ہونے والا پستول بھی ضبط کرلیا ۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ھونے والے سدھیر کا ڈسٹرکٹ اسپتال باغ میں پوسٹ مارٹم کرلیا گیا ۔
آزاد کشمیر، چوری شدہ سامان برآمدگی کے دوران پولیس حراست میں ملزم کی خودکشی








