معروف اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی درخواست پر خواتین کے لیے نازیبا زبان استعمال کرنے والے یوٹیوبر ڈاکٹر عمر عادل کو گرفتار کرلیا گیا۔
اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ڈاکٹر عمر عادل نے ان کے اور میڈیا میں کام کرنے والی تمام خواتین کے خلاف ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر فحش، لغو اور ہتک عزت پر مبنی الزامات عائد کیے تھے، جس میں خصوصاً ان کا نام بھی لیا گیا تھا۔ غریدہ فاروقی نے لکھا کہ قانونی کارروائی میں ڈاکٹر عمرعادل کو موقع فراہم کیا گیا تھا کہ وہ پبلک کے سامنے معافی مانگیں لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ جس پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی اور ان کو گرفتار کرلیا گیا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ تمام قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو سلام جنہوں نے خواتین کے تحفظ کی خاطر میری درخواست پر عمل کیا اور امید ظاہر کی کہ انصاف مکمل ہوگا اور خواتین کے خلاف جرائم کا ارتکاب کرنیوالے انجام کو پہنچیں گے، اور پاکستان میں خواتین کو بھرپور تحفظ ملے گا۔
واضح رہے کہ یوٹیوبر ڈاکٹر عمر عادل کی جانب سے ایک پوڈ کاسٹ میں خواتین اینکرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا کہ خواتین کو ڈیکوریشن پیس کی طرح ٹی وی پر سجایا جاتا ہے اور کسی کی مجال نہیں ہے کہ وہ خاتون اینکر کو کچھ کہہ سکے اور نہ ہی کوئی انہیں چینل سے نکال سکتا ہے۔
عمر عادل کی اس پوڈ کاسٹ پر صارفین اور اینکرز کی جانب سے سخت ردعمل دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر سیدہ صدف نے عمر عادل کے خواتین اینکرز کے متعلق نا مناسب الفاظ استعمال کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف غریدہ فاروقی نہیں بلکہ پاکستان کی ہر ماں، بہن اور بیٹی پر حملہ ہے۔ ایسے لوگ مرد کہنے کے لائق نہیں ان کے ضمیر مردہ ہیں اور یہ کم ظرف ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ صحافیوں پر ہر روز حملے ہوتے ہیں اور ایسے لوگوں کا مقصد پاکستان کے لیے اٹھنے والی توانا آوازوں کو خاموش کرانا ہے۔ انہوں نے تحقیقاتی اداروں سے درخواست کی کہ معلوم کریں عمر عادل نے یہ سب کس کے کہنے پر کہا اور ان ملک دشمنوں کو سخت ترین سزا دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم غریدہ فاروقی اور اور دیگر صحافی خواتین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
خواتین اینکرز بارے نازیبا زبان استعمال کرنے پر ڈاکٹر عمر عادل گرفتار








